روزہ کو بھی سحری نہ ملنے کی وجہ سے ترک کردیتے ہیں، تو ان کو خوب سمجھ لینا چاہیے کہ سحری کا کھانا صرف مستحب و افضل ہے، روزہ کی شرط نہیں ہے اور نہ ہی سحری کا چھوٹ جانا روزہ کے قضا کردینے کے لیے کوئی شرعی عذر ہے۔ اس لیے سحری کے فوت ہو جانے کی وجہ سے روزہ کو ہر گز نہیں چھوڑنا چاہیے۔ بلکہ بغیر سحری کھائے روزہ کا رکھنا فرض اور لازم ہے۔
مسئلہ: سحری میں کھجور کا کھانا مستحب ہے۔ حضورﷺ کا ارشاد ہے:
نِعْمَ سُحُوْرُ الْمُؤْمِنِ التَّمْرُ۔
مؤمن کی سحری میں کھجور خوب ہے۔
یہ مستحب گویا متروک ہو رہا ہے، اس کو رواج دینا چاہیے۔
انتباہ : ایک غلطی عام طور پر یہ ہو رہی ہے کہ سحری کھا کر لوگ اکثر سوجاتے ہیں اور نمازِ فجر کے لیے اُٹھانے کا کوئی انتظام نہیں کیا جاتا، پھر اکثر ایسے وقت پر آنکھ کھلتی ہے کہ جماعتِ فجر ہو چکی ہوتی ہے اور بعض مرتبہ تو وقتِ فجر ہی باقی نہیں رہتا اور سورج نکل چکا ہوتا ہے۔ یہ بہت بڑی غلطی ہونے کے علاوہ نعمتِ خداوندی کی سخت نا قدری بھی ہے کہ خدا تعالیٰ نے تو ہم کو سحری کی اجازت بطورِ انعام کے عطا فرمائی تھی، مگر ہم نے اس نعمت سے کام لینے کے بعد اپنے مُنعِم کی یہ ناشکری کی کہ ہمیشہ کے فریضے فجر کو اس کا وقت نکال کریا تو بالکل فوت ہی کر دیا یا اس کو نامکمل بنا دیا، کیوں کہ بغیر جماعت کے جو نماز ادا کی جاتی ہے وہ ناقص ہوتی ہے، فرض تو ادا ہوجاتا ہے مگر اس پر کامل ثواب نہیں ملتا۔ اس لیے سحری کھا کر ایسی حالت میں ہرگز نہیں سونا چاہیے، جب کہ نمازِ فجر کی جماعت کے لیے اُٹھانے کا کوئی انتظام نہ کیا گیا ہو اور سونے کی وجہ سے جماعت فجر کے فوت ہوجانے کا خطرہ ہو۔ حضراتِ فقہا نے مغرب و عشا کے درمیان سونے کو ایسی حالت میں مکروہ لکھا ہے جب کہ عشا کی جماعت کے لیے بیدار ہونے پر و ثوق اور بھروسہ نہ ہو اور اس کے فوت ہوجانے کا اندیشہ ہو۔ ’’شامی‘‘ میں ہے:
قَالَ فِيْ ’’الْبُرْھَانِ‘‘: وَیُکْرَہُ النَّوْمُ قَبْلَھَا۔۔۔ إلخ۔ وَقَالَ الطَّحَاوِيُّ: إِنَّمَاکُرِہَ النَّوْمُ قَبْلَھَا لِمَنْ خُشِيَ عَلَیْہِ فَوْتُ وَقْتِھَا أَوْ فَوْتُ الْجَمَاعَۃِ فِیْھَا۔ وَأَمَّا مَنْ وَکَّلَ نَفْسَہٗ إِلٰی مَنْ یُّوْقِظُہٗ فَیُبَاحُ لَہُ النَّوْمُ۔۔۔ إلخ۔1
اور یہ خرابی بھی زیادہ اسی وجہ سے پیدا ہوئی ہے کہ عام طور پر لوگ سحری کو اس کے مستحب وقت سے پہلے کھانے کے عادی ہوتے ہیں، پھر صبح صادق میں چوں کہ زیادہ وقت ہوتا ہے اس وجہ سے نیند کا غلبہ ہوکر صبح کی نماز سے محرومی ہوجاتی