اَحکام کو اِجمالی طور پر کسی قدر یکجاکرکے بیان کردیاجائے تاکہ ایساشخص بھی ان احکام سے فائدہ اٹھاسکے جس کو علمائے کرام کی مختلف اور متفرق کتابو ں کے مطالعہ کرنے کا موقع نہیں ملتا مگر یہ تحریر بطورِ مسودہ کے متفرق اوراق میں پڑی رہی اور ’’ہدایۃ الحیران‘‘ وغیرہ تصنیفات میں مشغولی کی وجہ سے ادھر توجہ نہیں ہوئی۔ اب ایک عزیز نے فرمایش کی کہ وہ مسودہ صاف کرکے مجھے دے دیا جائے۔ لہٰذا اب اس پر نظرِ ثانی کرکے اس کو صاف کیا گیاہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے نفع کوعام وتام فرمائے اور جو اس میں کوتاہی و لغزش ہوگئی ہو اس سے درگزر فرمائے۔
إِنْ أُرِیْدُ إِلَّا الْأِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِيْ إِلَّا بِاللّٰہِ،
عَلَیْہِ تَوَکَّلتُ وَإِلَیْہِ أُنِیْبُ۔
ماہِ محرم کی تاریخی اہمیت
محرّم باب تفعیل کا تحریم سے اسمِ مفعول ہے۔ عربی میں تحریم کے دوسرے معانی کے ساتھ اس کے معنی تعظیم کرنے کے بھی آئے ہیں تومحرّم کے معنی معظم (عظمت والا)ہوئے، چوںکہ یہ مہینہ عظمت کے قابل ہے اس لیے اس کانام محرم ہے ۔ کسی زمانہ، دن یا مہینہ میں عظمت وحرمت کا اصل سبب تو اللہ تبارک وتعالیٰ کی تجلیات و انوار کا اس زمانہ میں ظاہر ہونا ہی ہے (مگر بعض عظیم الشان اور اہم واقعات کا کسی زمانہ میں انجام پذیر ہونا بھی دوسرے درجہ میں اس زمانہ کی عظمت و فضیلت کا سبب اور مُوجِب ہوجاتا ہے اور اس عظیم الشان واقعہ کے رونما ہونے کی وجہ سے بھی بواسطہ اس واقعہ کے زمانہ میں فضیلت آجاتی ہے) جس زمانہ میں انوار و تجلیات کا زیادہ ظہور ہوتا ہے۔ ان انوار و تجلیات کی وجہ سے اس زمانہ میں فضیلت حاصل ہو کر اس میں اجر و ثواب بہ نسبت اور دنوں کے بڑھ جاتاہے، ورنہ زمانہ اپنی ذات میں یکساں اور برابر ہے، فضیلت اگراس میں آتی ہے تواللہ تعالیٰ کی تجلیاتِ خاصہ کے نزول کی وجہ سے آتی ہے۔ جب کسی زمانہ کی فضیلت کامدار اس میں خاص تجلیاتِ حق کے نزول پرہے اور تجلیات خاصہ کے نزول کاعلم بجزوحی کے کسی کویقینی طور پر نہیں ہوسکتا تو پھر کسی زمانہ کی فضیلت کا علم بغیر رسول اللہﷺ کے بتلائے ہوئے ناممکن ہے۔ لہٰذا وحی کی روشنی کے بغیر اپنی طرف سے کسی زمانہ کی فضیلت کا یقین کرلینا ناجائز ہے اور {وَلااَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَکَ بِہٖ عِلْمٌط }1(جس چیز کاتجھے علم نہیں اس کے پیچھے نہ پڑ) کے خلاف ہونے کی وجہ سے ممنوع ہوگا۔ چوں کہ اس ماہِ محرم میں حق تعالیٰ کی تجلّیاتِ رحمت اور بندوں کی طرف اس کی خصوصی توجہات کا نزول اجلال ہوتا ہے۔ اس لیے ہمیں حکم ہے کہ ہم اس ماہ میں حق تعالیٰ شانہ کی عظمت کا اظہار اس