ان متفرق رسائل سے مختصر طریقہ پر اعمال رمضان المبارک کے متعلق بقدر ضرورت ایسے مضامین منتخب کر کے جمع کردیے جائیں جو فضائل اور مسائلِ ضروریہ پر بھی مشتمل ہوں اور ان سے اُن غلطیوں کی بھی اصلاح اور ان پر تنبیہ ہو جائے جو رمضان المبارک کے مہینہ کے اندر علمِ دین سے ناواقفیت کی وجہ سے مسلمانوں میں شائع اور رائج ہو چکی ہیں۔ چناںچہ یہ مضمون علمائے کرام کی معتبر کتابوں کی تحقیقات کی روشنی میں خاص طرز سے جمع کیا گیا ہے اور اس مضمون کی ترتیب وجمع میں حضرت حکیم الامت تھانوی ؒ کے مواعظ اور مولانا محمد زکریا صاحب شیخ الحدیث مظاہر العلوم سہارن پور کے رسائل ’’فضائلِ قرآن‘‘ اور ’’فضائلِ رمضان‘‘ نیز ماہنامہ ’’اشرف العلوم‘‘ سہارن پور بابت ماہِ شعبان ۱۳۵۵ھ سے خصوصی استفادہ کیا گیا ہے، اور احادیث کی شرح اور اس کے مطالب کے بیان کے لیے ’’أشعۃ اللمعات‘‘ اور ’’مظاہرِ حق‘‘ اور ’’بذل المجہود‘‘ و غیرہ کتب سے مدد لی گئی ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مضمون کو قبول فرما کر نافع فرمائیں اور شبہات و اغلاط کا دافع بناویں، اور ہم سب کو اپنی اصلاح کی توفیق عنایت فرماویں۔
إِنْ أُرِیْدُ إِلَّا الْإِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْتُ،
وَمَا تَوْفِیْقِيْ إِلَّا بِاللّٰہِ، عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَإِلَیْہِ أُنِیْبُ۔