مخدوم مکرم ! زید مجدکم
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٰ
مزاج گرامی!
عنایت نامہ ملا ، یاد فرمائی سے مسرت ہوئی ، لیکن حالات سے قلبی صدمہ ہوا ، سیلاب چھٹی بار پھر آگیا ، ا ﷲ کی پناہ ، نہ جانے حق تعالیٰ کو کیا منظور ہے ، مصائب پر مصائب ! یقینا یہ اﷲ کی ناراضگی کے مظاہر ہیں ۔ مصیبت جب آتی ہے تو عام آتی ہے ، صالحین بھی اس کی لپیٹ میں آجاتے ہیں ، ہمارے ملک کا کوئی خطہ مصائب سے خالی نہیں ، نوعیت بدلی ہوئی ہے ، مگر سب پریشان ہیں ۔ ایمان کے بعد معصیت مصیبت کو جلد لاتی ہے ، جو بالکل نہیں مانتے انھیں دخولِ نار تک مہلت ہے ، اس لئے ان کے یہاں کسی قدر چین ہے ، لیکن ایک مومن جس کو حق تعالیٰ دخولِ نار سے بچاتے ہیں ، وہ فوراً سزا کی زد میں آجاتا ہے ، گنہگاروں کے گناہ اس سے مٹتے ہیں ، صالحین کے درجات بلند ہوتے ہیں ، آخرت کی پکڑ سے حفاظت ہوتی ہے ، ہے تو بڑا فائدہ ! مگر مصائب کی تاب ہمارے اندر کہاں ؟ حق تعالیٰ حفاظت فرمائیں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۱۴؍ ربیع الاول ۱۴۰۸ھ
٭٭٭٭٭
مخدومی ومکرمی حضرت ماسٹر صاحب ! زید ت معالیکم
السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہٰ
مزاج گرامی!
نوازش نامہ باصرہ نواز ہوا، بہت خوشی ہوئی اور تسلی ہوئی کہ جناب والا