اعجاز احمد اعظمی
۱۵؍ صفر ۱۴۰۹ھ
٭٭٭٭٭
عزیزم ! السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ
درس قرآن کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، بہت اچھا کیا ، معارف القرآن دیکھ لیا کرو ، اسے پڑھ کر سنانا کچھ زیادہ مفید نہ ہوگا ، قرآن کی اصل تفسیر کے لئے تفسیر ابن کثیر کو پیش نظر رکھو ، لیکن ہم لوگوں کوصرف تفسیر بیان کرنا مطلوب نہیں ہے ، ایک مقصد تذکیر بھی ہے ، اور تذکیر کے لئے ہر جگہ کا اندازِ بیان ، لہجہ اور معلومات الگ الگ ہوتے ہیں ، اس کا انطباق کرنا ، اور موجودہ ماحول کی اس سے اصلاح کرنی ، ایک اہم کام ہے ، اس لئے وعظ کے طور پر ہی مناسب ہے ۔ اﷲ کے کلام کے متعلق تمہارا خوف بالکل بجا ہے ، یہ خوف ہمہ وقت رہنا چاہئے ، لیکن اس کا حل یہ نہیں ہے کہ کتاب سنادیجائے ، مراداتِ قرآنیہ کا علم کتابوں سے حاصل کرکے محفوظ رکھو ، پھر اس کا سہل بیان اور حالات حاضرہ پر اس کی تطبیق کرتے رہو ۔ اﷲ تعالیٰ مدد فرمائیں ۔
مجھے اس سے بے حد خوشی ہوئی ، اﷲ تعالیٰ اس سلسلے کو قائم وباقی رکھیں اور اس سے راضی رہیں ۔ والسلام
اعجاز احمد اعظمی
۲۹؍جمادی الاخریٰ ۱۴۱۴ھ مطابق ۱۴؍ دسمبر ۱۹۹۳ء
٭٭٭٭٭