باب۴۸ چہل و ہشتم
فرانسیسی مسیح ڈاکٹر ڈوئی اور اس کی دعا کے بیان میں
نالۂ بلبل شیدا تو سنا ہنس ہنس کر
اب جگر تھام کے بیٹھو میری باری آئی
ضمیمہ اخبار شحنہ ہند میرٹھ کا شور تو مرزا صاحب اور ڈاکٹر ڈوئی کی مستجاب اور مسٹر پکٹ کے دعاوی سے بھی دو ہاتھ اونچا اٹھا ہوا ہے۔ وہ بھی تو مجدد السنہ شرقیہ شوکت اللہ ہونے کے مدعی ہیں۔ آج ہم اپنے ناظرین کو ان کے اجلاس کا جلسہ بھی دکھا دیں۔ بہت سے اصحاب خیر و ارباب دانش اور علم فضل موجود ہیں۔ نہایت خوبصورتی کے ساتھ ایک مجمع جمع ہے جو جناب مرزا صاحب کے دربار گوہر بار سے ٹکر لیتا ہے۔ مجدد السنہ شرقیہ ایک مسند پر رونق افروز ہیں۔ ہمارے ناول کے ہیرو حضرت اقدس مرزا صاحب کا ذکر خیر ہے مگر ڈاکٹر ڈوئی صاحب کے ساتھ۔
ایک… ڈاکٹر ڈوئی کے کیرکٹر سے ناظرین اچھی طرح واقف ہیں ان کا ذکر ضمیمہ میں بمقابلہ قادیانی مسیح بار ہا ہوا ہے۔ روزانہ پیسہ اخبار میں ان کی تصویر اور دعا کرنے کی کل کا فوٹو معہ کوائف شائع ہوا ہے معلوم ہوتا ہے کہ مسیح بننے کے لیے سائنس میں ابھی مرزا جی ادھورے ہیں۔ گویا فرانسیسی مسیح کے مقابلہ میں پرائمری تعلیم پا رہے ہیں۔ بہتر ہو کہ چند روز ڈاکٹر ڈوئی کو اپنا ماسٹر یا لیڈر بنائیں۔ پھر دیکھیں کیسا چوکھا رنگ نکلتا ہے۔ ڈاکٹر ڈوئی کی نسبت لکھتا ہے کہ وہ اپنی دعا کرنے کی کل کے ذریعہ سے فی گھنٹہ کئی ہزار آدمیوں کو آسمانی باپ کے اجلاس سے بخشش کا سرٹیفکیٹ دلوا سکتا ہے۔ مرزا جی نے تو ابھی تک ایسی کل بھی ایجاد نہیں کی۔ بے دیکھی صرف ایک مینار کی بنیاد ڈالی۔ اس کی تعمیر بھی ابھی تک ہوا پر ہے۔ بلکہ بدخواہوں کی بدولت اس میں روڑے اٹکے ہوئے ہیں افسوس اور نہایت افسوس۔
دوسرا… سنا ہے ڈاکٹر ڈوئی کے نئے مذہب پر جو شخص ایمان لاتا ہے۔ وہ اس سے آمدنی کا عشر ضرور لے لیتا ہے۔
تیسرا… اس قدر تو مرزا صاحب قادیانی کو بھی مریدوں سے مختلف چندوں و دیگر وسائل سے مل جاتا ہوگا۔ مگر یہ نہیں کہ وہ ظاہر الفاظ میں اقرار لکھاتے ہوں کہ ۱۰/۱ کی آمدنی سے حصہ دار ہیں۔ یوں تو بیعت کے وقت بیعت کرنے والے کے جان و مال کا بیمہ کرکے بیع نامہ لکھا لیتے ہیں۔ مگر جو رقم وصول کرتے ہیں۔ نہایت نرمی اور خوب صورتی سے جو کسی کو ناگوار نہ گزرے۔