عرب… استقلال چاہے۔ بے صبری اور تلون مزاجی میں حسرت و یاس کے سوا کچھ نہیں ملتا:
کمال ضبط کو عاشق کرے اگر پیدا
کہاں کی آہ کرے بات یہی اثر پیدا
اللہ تعالیٰ کسی کی محنت کو رائے گاں نہیں جانے دیتا۔ من کان یریدحرث الاخرۃ نزدلہ فی حرثہ و من کان یرید حرث الدنیا نؤتہ منھا
جوان… آخر دیر بھی اتنا عرصہ تو گزرا۔
عرب… پھر وہی دیر آید درست آید پیش از وقت وبیش از قسمت
بے وقت کسی کو کچھ ملا ہے
پتا کہیں حکم بن ہلا ہے؟
جوان… کوئی دست غیب کا عمل بھی یاد ہے مگر مجرب ہو یوں تو بہت لکھی ہوئی ہیں۔
عرب… اس کا بندہ قائل نہیں یہ تو قصہ کہانی سے زیادہ وقعت نہیں رکھتے۔
جوان… جفر میں اس کے بہت سے عمل اور ان کے قاعدے لکھے ہیں۔
عرب… ہاں ہیں۔ مگر یہی دست غیب ہے۔ کہ کسی کار میں انسان کی رجوعات اور فتوحات ہو جائے۔
جوان… تو پھر یہ کیا ہوا تدبیر اور محنت سے ہر ایک روپیہ پیدا کر سکتا ہے:
عرب… فقط پیر کے گنڈہ ہی سے کار براری نہیں ہوتی کچھ ہمت بھی درکار ہے۔ نہ فقط تدبیر اور محنت سے کام نکلتا ہے اور نہ بسم اللہ کے گنبد میں بیٹھنے سے اللہ تعالیٰ سے اگر تائید ہو تو تدبیر درست ہو جاتی ہے۔ غرض کہ کوئی کام یا کار خانہ انسان جاری کرے۔ اگر اس میں فتوحات اور رجوعات ہو جائے۔ تو وہی دست غیب ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔ اسی کے واسطے دعا اور اوراد ہیں ہاں جفر کے قاعدے سے اگر ترکیب اور ترتیب کر کے کوئی عمل کیا جائے تو اس کا اثر جلد اور حسب مراد ہوتا ہے۔
جوان… نوکری ہی میں ترقی ہو جانی چاہیے تھی۔
عرب… ہر ایک انسان کی فطرت میں اللہ تعالیٰ نے ایک مادہ پیدا کیا ہوتا ہے۔ وہ اپنے فطرتی مادہ کے موافق میلان رکھتا ہے۔ آپ کی فطرت میں یہ مادہ نہیں ہے۔ کہ آپ نوکری کے ذریعہ سے فائدہ اٹھاویں۔ آپ ہمیشہ افسروں کے شاکی رہتے ہیں اور افسر آپ سے ناراض پھر آپ کو