ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
فرمایا کہ ایک شخص کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ میں وظائف پڑھتا ہوں ان کے نام بھی لکھے ہیں ہفت ہیکل شش قفل خدا معلوم یہ کیا چیزیں ہیں ۔ پھر لکھا ہے کہ اتنے وظائف پڑھتا ہوں فکر افلاس پھر بھی نہٰیں گیا میری زبان میں(عثر ) اثر نہیں رہا عین سے اثر لکھا ہے ۔ پھر لکھا ہے کہ میری قسمت ۔ پھر لکھا ہے کہ اگر آپ فرمائیں تو ان وظائف کو چھوڑ دوں ۔ میں نے لکھ دیا کہ چھوڑنے کی کیا ضرورت ہے مگر اللہ تعالی کا نام آخرت کےلئے پڑھا جاتا ہے نہ دنیا کے لئے ۔ تم بھی دنیا کےلئے نہ پڑھو ۔ (334) جوابی سادہ لفافہ بھیجنے کی بے فکری ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لوگ جواب کےلئے لفافہ نہیں بھیجتے صرف ٹکٹ بھیج دیتے ہیں بعضے لفافہ بھیجتے ہیں مگر اس پر پتہ نہیں لکھتے ایسے خط کےلئے میں اس کی کوشش کرتا ہوں کہ ان کے ہی خط میں ان کا پتہ کاٹ کر چسپاں کر دیتا ہوں تاکہ اس کے پہنچنے نہ پہنچنے کا وہی ذمہ دار رہے میں ذمہ دار نہ بنوں ۔ ان کی کوتا ہیوں کا سبب زیادہ بے فکری ہے بد فہمی زیادہ سبب نہیں ۔ ( نوٹ اس کے بعد معمول بدل گیا کہ سادہ لفافہ لکھے ہوئے پتہ کی محاذاۃ سے کاٹ کر خط رکھ دیا جاتا ہے اور حفاظت کےلئے سی دیا جاتا ہے ) (335) ایک صاحب کو حضرت حکیم الامت کی خدمت میں خاموش بیٹھنے کا نفع فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے یہ ایک ہفتہ یہاں پر رہ بھی گئے ہیں لکھا ہے کہ خاموش مجلس میں بیٹھے رہنے سے وہ نفع ہوا کہ بارہ برس گھر پر رہ کر کام کرنے س بھی وہ نفع نہ ہوتا لکھا ہے کہ اصلاح اور تعلق مع اللہ اس قدر میسر ہوا کہ جس کو بیان نہیں کر سکتا ۔ لکھا ہے کہ رخصت کے وقت جی چاہتا تھا کہ قدم چوموں مگر چونکہ حضور کی اجازت مکاتبت مخاطبت کی بھی نہ تھی ڈر کی وجہ سے نہ چوم سکا ۔ یہ خاموش بیٹھا رہنا بے حد مفید ثابت ہوا ۔ (336) تقسیم عمل نظام عالم کا جزو ہے ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ تقسیم عمل نظام عالم ایک جزو ہے کہ جس کا جو کام ہے اس سے وہی کام لینا چاہیے ۔ کام سے انکار نہیں مگر جو کام جس کے کرنے کا ہے وہی تو کر سکتا ہے ۔