ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
معاملہ میں بھی نرم نہیں ہوتے اس قدر سخت ہو کہ سیدھے راستہ پر نہیں آتے پھر میرا تو مزاج ہی سخت ہے وہ بھی تمہارے قول پر حالانکہ حقیقت اس کے خلاف ہے جس کو میں ایک مثال سے ابھی ظاہر کروں گا اور تمہارا تو قلب سخت ہے ۔ اس فرق کی بالکل ایسی مثال ہے کہ ایک شخص کے بدن میں کیڑے پڑ رہے ہیں مگر اس کی ان پر نظر نہیں ۔ اور دوسرے کےبدن پر مکھی ہے اس پر نظر ہے ۔ یہ کون سی عقل کی بات ہےغرض یہ کہنا کہ میں سخت ہوں غلط ہے یہ سختی نہیں ہے بلکہ مضبوطی ہے اور صاحب اس سے کیا بحث اچھا سخت ہی سہی مگر میں کسی کو بلانے تو نہیں جاتا جیسا ہوں ہوں اگر میرا طرز اور مسلک پسند نہیں مت آؤ کہیں اور جاؤ اور یہ سمجھ لو ۔ در کوئے نیک نامی مارا گزر نداوند گر تو نمی پسندی تغییر کن قضا را اور میں ایسے موقع پر اکثر یہ شعر پڑھا کرتا ہوں کہ کسی نے خوب ہی کہا ہے ہاں وہ نہیں وفا پرست جاؤ وہ بے وفا سہی جس کو ہو جان و دل عزیز اس کی گلی میں جائے کیوں سو کسی کی وجہ سے اپنے طرز اور مسلک کو بدل نہیں سکتا جب تک کہ میرے ہاتھ میں اصلاح کا کام ہے (126) وظائف عامل لوگ جانتے ہیں فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ فلاں بزرگ سے مرید تھا ان کا انتقال ہو گیا ہے ۔ اب رجحان آپ کی طرف ہے کوئی وظیفہ ایسا بتا دو جس سے کشائش رزق ہو میں نے لکھ دیا ہے کہ ایسے وظائف عامل لوگ جانتے ہیں ۔ میں عامل نہیں ۔ اس پر فرمایا کہ میاں کو اس لئے رجحان ہوا ۔ یہی ایک چیز رجحان کےلئے رہ گئی تھی انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ یہ بھی آج کل بد عقلی اور بد فہمی کا ایک شعبہ ہے کہ جس کا جو کام ہے وہ تو اس سے لیا نہیں جاتا ۔ دوسرے کام جو اس کے متعلق نہیں یا اس سے وہ ناواقف ہے وہ لیتے ہیں ۔ سو میں تو صرف ایک ہی کام کا ہوں وہ یہ کہ اللہ کا راستہ معلوم کر لو یعنی اللہ کا نام اور اس کے احکام پوچھ لو اس سے آگے مجھے کچھ نہیں آتا جاتا بلکہ مجھ کو تو ایسی باتوں اور فرمائشوں سے وحشت ہوتی ہے ۔ (127) خواب میں حفظ قرآن پاک کا وظیفہ