ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
(287) تغیر طبیعت میں عذر ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ میں تغیر طبیعت میں معذور ہوں ۔ ناگوار بات پر ایک دم تبخیر ہونے لگتی ہے ۔ اس پر اگر ضبط کرتا ہوں تو تبخیر بڑھ جاتی ہے اور حالت شباب میں تو اکثر بخار ہو جاتا تھا ۔ (288) تحریکات میں عدم شرکت کا سبب ایک صاحب نے زمانہ تحریکات میں میرا نام لے کر کہا کہ اگر ان کو انگریزوں کی حالت معلوم ہو جائے تو ہم سے زیادہ ان تحریکات کے حامی ہو جائیں ۔ میں نے سن کر کہا کہ ہمیں کسی دوسری قوم کے ساتھ دوستی نہیں کہ حالات معلوم ہونے سے بغض ہو جاوے گا ۔ اپنی قوم سے دوستی ہے تحریکات کو ان کےلئے مضر سمجھ کر علیحدہ ہوں ۔ (289) بعض اشیاء کا فروخت کرنا منع ہے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ دیکھئے ایک پہلو پر تو نظر گئی کہ انگریزوں کو نفع نہ پہنچے ان سے کوئی چیز نہ خریدو اور ہندوں کو اگر نفع پہنچے تو اس کو گوارا کیا جاتا ہے اس لیے کہ تمام تجارتیں ان کے ہاتھ میں ہیں اس لئے تجارت کا نفع ان ہی کو زیادہ پہنچتا ہے ۔ اور یہ سب چھوڑیے ہم تو مقلد ہیں کوئی فقہی روایت دکھلائیں کہ کفار سے خریدنا جائز ہے ۔ البتہ بعض اشیاء کا فروخت کرنا بے شک ممنوع ہے ۔ مثلا لوہا ہے خود وہی لوہا کام میں لا سکتے ہیں تو اگر اس کا مسلمانوں کے مقابلہ میں استعمال کریں گے مسلمانوں کو ضرر پہنچے گا ۔ اور روپیہ بعینہ کام میں نہیں آتا بواسطہ کام آتا ہے تو اس سے اگر ضرر ہو گا بواسطہ ہو گا جس میں فاعل مختار کا تخلل ہے ۔ فقہا نے اس راز کو سمجھا ہے دوسروں کو کیا حق ہے اجتہاد کا کہ خواہ مخواہ احکام میں ٹانگ اڑائیں ۔ (290) مواخذہ میں حکمت ایک صاحب نے بوقت رخصت عرض کیا کہ حضرت معاف فرماویں جو کچھ مجھ سے حضرت کو تکلیف پہنچی ہے ۔ فرمایا کہ تم نے مجھے کیا تکلیف دی جو معاف کرانے کی ضرورت ہے ۔ اور اگر میرے مواخذہ سے شبہ ہوا تو اس کا سبب میری کسی مصلحت کا فوت ہونا نہیں ۔