تلبیہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پکار کا جواب ہے؛ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے حکم سے اللہ کے بندوں کو پکارا تھا کہ آؤ اللہ کے در پر حاضری دو۔ پس جو بندے حج وعمرہ میں تلبیہ پڑھتے ہیں تو گویا یوں کہتے ہیں اے اللہ! تو نے اپنے بندے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے آواز لگواکر ہم کو بلایا تھا تو ہم حاضر ہیں، حاضر ہیں، تیرے سامنے حاضر ہیں۔
[تفسیر قرطبی: ۱۲/۳۶]
احرام کی پابندیاں کیا ہیں؟
جب آپ نے احرام باندھ کر نیت کرلی اور تلبیہ پڑھ لیا تو آپ پر احرام کی پابندیاں لگ گئیں۔ [شامی: ۳/۴۸۵]
(۱) اب آپ سر اور چہرہ نہیں ڈھانک سکتے، عورت صرف چہرہ نہ ڈھانکے، یعنی اس پر کپڑا نہ لگائے، عورت کے لئے سرکو چھپانا ضروری ہے۔ [شامی: ۳/۴۹۷]
(۲) اب آپ خوشبو نہیں لگاسکتے، نہ سونگھ سکتے ہیں۔ یہ حکم مردو عورت دونوں کے لئے ہے۔ [شامی: ۳/۴۹۶]
نوٹ: خوشبو والاٹشو پیپر ہوائی جہاز میں جو دیا گیا اس کو استعمال نہ کریں۔