طواف کے سات پھیروں کی اور موقع محل کی بعض دعائیں
ہمیں ہر موقع محل پر عمل کا طریقہ اور دعائیں بتائی گئی ہیں جس سے وہ عمل عبادت اور اللہ کے قرب کا ذریعہ بنتا ہے، لہٰذا اس سفر میں سنت کی اور موقع محل کی دعاؤں کی خوب رعایت کرنا چاہئے۔
گھر سے نکلنے کی دعا
گھر سے یا قیام گاہ سے نکلتے وقت یہ دعا پڑھے تو انشاء اللہ شیطان اور دشمنوں سے حفاظت ہوگی اور ہر مشکل آسان ہو جائیگی۔
’’بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِاللّٰہِ‘‘
[ترمذی۲/۱۸۱]
ترجمہ: اللہ کے نام سے سفر شروع کرتا ہوں، اللہ ہی پر بھروسہ کرتا ہوں، گناہوں سے حفاظت او رعبادت پر قدرت اللہ کی مدد کے بغیر نہیں ہوسکتی۔
’’اَللّٰہُمَّ بِکَ اَصُوْلُ وَبِکَ اَحُوْلُ وَبِکَ اَسِیْرُ‘‘
ترجمہ: اے اللہ تیری مدد سے حملہ کرتا ہوں اور تیری مدد سے تدبیر کرتا ہوں اور تیری مدد سے سفرکرتا ہوں، چلتا ہوں۔