زیارت مدینہ منورہ
حج کے بعد سب سے افضل اور سب سے بڑی سعادت سید الانبیاء رحمۃ للعالمین تاجدار مدینہ رسول مقبول ﷺ کے روضہ ٔاقدس کی زیارت ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی عظمت ومحبت وہ چیز ہے جس کے بغیر ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا، اس کا تقاضا ایمان والے کو فطری طور پر بھی ہونا چاہیے کہ دیارِ قدس میں پہنچنے کے بعد روضہ ٔاقدس کی زیارت کے بغیر واپس نہ ہو۔ اور اس پر مزید یہ کہ روضہ ٔاقدس کے سامنے حاضری اور سامنے حاضر ہوکر درود وسلام کے وہ عظیم الشان انعامات او رثمرات وبرکات جو دور سے درود وسلام پڑھنے سے حاصل نہیں ہوسکتے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے حج کیا پھر میری قبر کی زیارت میری وفات کے بعد کی تو گویا اس نے میری زندگی میں میری زیارت کی۔ [شعب الایمان: ۴۱۵۴، عن ابن عمر ص]
ایک حدیث میں ارشاد نبوی ہے: جس نے میری قبر کی زیارت کی اس کے واسطے میری شفاعت واجب ہوگی۔
[شعب الایمان: ۴۱۵۹، عن ابن عمر ص]