حج بدل کے فضائل ومسائل
حضرت جابرص سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺنے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ (حج بدل میں) ایک حج کی وجہ سے تین آدمیوں کو جنت میں داخل فرماتے ہیں، ایک مرحوم (جس کی طرف سے حج بدل کیا جارہا ہے) دوسرا حج کرنے والا۔ تیسرا وہ شخص جو حج کو بھیج رہا ہے۔
[ترغیب/ ترہیب]
ایک عورت اللہ کے نبیﷺ کے پاس آئی اور کہا کہ اے اللہ کے نبیﷺ!میری ماں مرگئی اور اس نے حج نہیں کیا، تو کیا میں اس کی طرف سے حج کردوں؟ آپ نے فرمایا ہاں اس کی طرف سے حج کرلے۔ [مسلم]
ابورزیں کہتے ہیں کہ میں حضور ﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا کہ اے اللہ کے نبیﷺ!میرے والد بہت بوڑھے ہیں، حج وعمرہ کرنے کی ان میں طاقت نہیں ہے، وہ سفر بھی نہیں کرسکتے، تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا تم اپنے باپ کی طرف سے حج وعمرہ کرلو۔ [ترمذی ومسلم]