استغفار جو آپ کو یاد ہو……… سو مرتبہ
’’اَسْتَغْفِرُاللہَ رَبِّی مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّاَتُوْبُ اِلَیْہِ‘‘
اس کے ساتھ قرآن کی تلاوت، مناجات مقبول یا الحزب الاعظم بھی پڑھ سکتیں ہیں تو ضرور پڑھیں، عرفہ کے دن حضور ﷺ سے دودھ پینا ثابت ہے، لہٰذا حضور ﷺ کی اتباع میں اگر میسر ہوسکے تو آپ بھی دودھ پی لیں ۔ [بخاری: ۵۶۰۴۰، عن ام الفضل رضی اللہ عنہا]
مزدلفہ کی طرف روانگی
جب سورج غروب ہو جائے تو مغرب کی نماز پڑھے بغیر مزدلفہ کی طرف روانہ ہو جائیں، مغرب کی نماز نہ عرفات میں پڑھیں نہ راستہ میں، بلکہ مزدلفہ پہنچ کر عشاء کے وقت میں مغرب اور عشاء ایک ساتھ پڑھیں؛ ایک اذان او رایک اقامت کے ساتھ پڑھیں یعنی اذان کے بعد تکبیر کہہ کر مغرب کی نماز پڑھیں پھر فرض پڑھ کر فوراً بغیر اقامت عشاء کی نماز کی جماعت کریں ،اس کے بعدمغرب کی سنتیں پھر عشاء کی سنتیں اور وتر پڑھیں، مزدلفہ عرفات سے ۷؍ کلو میٹر پر ایک میدان ہے، یہاں خیمے نہیں لگے ہوتے ہیں، یہ رات آپ کو مزدلفہ میں گزارنی ہے۔
[شامی: ۳/۵۳۴-۵۲۹، کتاب الحج]