سب سے پہلے مسجد کے اس حصہ میں جائیں جو روضہ اقدس اور ممبر شریف کے درمیان ہے جس کے متعلق خود حضور ﷺنے ’’رَوْضَۃٌ مِّنْ رِیَاضِ الْجَنَّۃَ‘‘ فرمایا ہے یعنی یہ جنت کی کیاریوں میں سے ایک کیاری ہے، ریاض الجنۃ کی پہچان کے لیے یہاں سفید قالین بچھا ہوا ہے، یہاں پہنچ کر دو رکعت تحیۃ المسجد ادا کریں، تحیۃ المسجد کے بعد اللہ تعالیٰ کا بہت شکر ادا کریں، آپ بڑی اونچی جگہ پہنچے ہیں، جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ [الفتاوی الہندیۃ: ۱/۲۶۵]
علماء نے لکھا ہے کہ اس موقع پر سجدۂ شکر بھی کرلیں، پھر اللہ تعالیٰ سے خوب دعا کریں۔ [الفتاوی الہندیۃ: ۱/۲۶۵]
مسجد نبوی کے ستون اور ریاض الجنۃ
ریاض الجنۃ کی پہچان کے لئے یہاں سفید سنگ مرمر کے سات ستون ہیں جن کو اسطوانات کہا جاتا ہے قبولیت دعا کی خاص جگہ ہے۔ پہلاؔ ستون محراب سے متصل ہے جس کو ’’اسطوانہ ٔ حنانہ یا مخلقہ‘‘ کہتے ہیں۔ اس ستون سے ٹیک لگا کر حضور ﷺخطبہ دیا کرتے تھے۔