ٍحضرت ابن عمرص سے نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص تندرست ہو اور پیسے والاہو کہ حج کو جاسکے اور پھر بغیر حج کئے مرجائے، قیامت کے دن اس کی پیشانی پر کافر لفظ لکھا ہوا ہوگا۔ اس کے بعد انہوں نے وہ آیتِ شریفہ پڑھی جو اوپر گزری۔ [درمنثور]
سفر حج سے پہلے ضروری کام
حج کا سفر شروع کرنے سے پہلے کچھ کام ضرور کرلیں جن کا کرنا شرعاً ضروری ہے۔
پہلا کام:- اس مبارک سفر میں اپنی نیت درست کرلیں، نیت صرف یہ ہو کہ اللہ کے حکم کو پورا کرنے کے لیے اور اس کو راضی کرنے کے لئے میں حج کررہا ہوں، دنیا کی عزت، شہرت، نام ونمود، دکھاوا، کوئی تجارتی فائدہ یا دنیا کی کوئی غرض بالکل نہ ہو، ورنہ اتنا بڑا عمل اور اتنی بڑی قربانی ضائع اور برباد ہو جائے گی، کیونکہ جس عمل میں نیت فاسد ہوتی ہے وہ عمل اللہ کے یہاں مردود ہو جاتا ہے، لہٰذا نیت کو خوب ٹٹولیں اور درست کرلیں۔