وراثت و وصیت کے شرعی احکام |
|
توافق: دومختلف عدد جبکہ اُن میں سے چھوٹا عدد بڑے عدد تک ایک یا کئی مرتبہ میں نہ پہنچ سکے بلکہ کوئی تیسرا عدد ایسا ہو جو اُن دونوں تک پورا پورا پہنچ رہا ہو،تو ایسے اعداد آپس میں ”متوافقین“کہلاتے ہیں اور اُن کے درمیان ”توافق“کی نسبت ہوتی ہے۔جیسے 8 اور 14 کے درمیان توافق کی نسبت ہے،اِس لئے کہ 8 تو 14 تک پورا نہیں پہنچ سکتا البتہ ان کے درمیان 2 ایسا عدد ہے جو دونوں تک پہنچ جاتا ہے۔تباین: دو مختلف عدد جبکہ اُن میں سے نہ چھوٹا عدد بڑے عدد تک ایک یا کئی مرتبہ میں پہنچ سکے اور نہ ہی اُن کے درمیان کوئی تیسرا عدد ایسا ہو جو اُن دونوں تک پورا پورا پہنچ رہا ہو تو ایسے دو عدد آپس میں ”مُتباینین“کہلاتے ہیں اور اُن کے درمیان ”تَباین“کی نسبت ہوتی ہے۔جیسے 4 اور 3 کے درمیان تباین کی نسبت ہے ۔تصحیح کے قواعد: تصحیح کا لغوی اور اِصطلاحی معنی: تصحیح بابِ تفعیل کا مصدر ہے،اورسقم(بیماری)کی ضد ہے،اِس کے معنی لغت میں ”صحیح اور درست کرنے“ یا ”بیماری دور کرنے“ کے آتے ہیں۔ اِصطلاحی اعتبار سے اس کی تعریف یہ کی گئی ہے: ”إِزَالَةُ الْكُسُورِ الْوَاقِعَةِ بَيْنَ السِّهَامِ وَالرُّءُوسِ “سہام اور عددِ رؤوس کے درمیان واقع ہونے والی کسور کو زائل کرنا تصحیح کہلاتا ہے۔(التعریفات:59)