(۵) مسجد مصلیٰ یا غمامہ: وہ جگہ ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عیدین کی نماز پڑھا کرتے تھے۔ اور اس جگہ آپ نے استسقاء کی نمازپڑھائی تھی۔
(۶) مسجد احزاب یا مسجد فتح: غزوہ احزاب میں اس جگہ خندق کھودی گئی تھی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین دن پیر، منگل، بدھ کو دعا فرمائی، اللہ تعالیٰ نے دعا قبول کی اور مسلمانوں کو فتح ہوئی۔
(۷) مسجد ذباب: غزوہ خندق میں اس جگہ پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خیمہ نصب تھا اور آپ نے نماز بھی پڑھی تھی۔
(۸) مسجد قبلتین: وادی عقیق کے قریب ایک ٹیلے پر یہ مسجد ہے اس میں ایک محراب بیت المقدس کی طرف ہے اور دوسری کعبہ کی جانب، کعبہ کی تبدیلی کا واقعہ اسی مسجد میں ہوا تھا، اس لئے اس کو مسجد قبلتین کہتے ہیں۔ مسجد نبوی سے ۳؍ میل پر ہے۔
(۹) مساجد خمسہ: جس جگہ خندق کی لڑائی ہوئی تھی اس جگہ پانچ مسجدیں بنی ہوئی ہیں۔ مسجد فتح، مسجد سلمان فارسیؓ، مسجد ابوبکر صدیقؓ، مسجد عمرفاروقؓ، مسجد علیؓ۔اب ان تمام مسجد کو شہید کرکے ایک بڑی عالیشان مسجد بنائی گئی ہے۔