حقیقت تقلید، اس کے جواز وعدم جواز کا صحیح محمل، دلائل کا دقیق موازنہ، مقلدین کے طبقات، تقلید شخصی، انتقال مذہبی اوراس کی حقیقت، اس کا جواز یا عدم جواز، حقیقت تلفیق، تلفیق اورعدول مذہبی میں صحیح ربط، قائلین اورمانعین کے درمیان شاندار محاکمہ ، امیربادشاہ کے سوالوں کا حقیقت پسندانہ جواب۔ یہ مقالہ ان سب موضوعات کا احاطہ کرتا ہے اورتجدد پسندوں نے جو اس موضوع کے آڑ میں امت میں بے راہ روی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، اس کا مداوا کرتا ہے۔(غیرمطبوع)۔
مقتدی کی قراءت کتاب وسنت کی روشنی میں
حضرت گنگوہیؒ کا جورسالہ ہے’’ہدایۃ المعتدی‘‘ یہ اسی کی تخریج وتسہیل ہے۔ زین المحدثین حضرت مولانا زین العابدین اعظمیؒ نے اسے حرفا حرفا سن کر خوب سراہا ہے اورانہیں کے پیش لفظ کے ساتھ مولانا عبداللہ معروفی استاد دارالعلوم دیوبند کے تعاون سے فیصل بکڈپو دیوبند سے یہ رسالہ طبع ہوچکا ہے۔
مسئلہ تراویح کتاب سنت کی روشنی میں
سیدی وسندی واستاذی حضرت زین العابدین اعظمیؒ نے حضرت گنگوہی کے رسائل کی تحقیق وتخریج کا حکم دیا تھا اوریہ فرمایا تھاکہ اس سے تمہیں اکابر کا فیض پہونچے گا، جبھی اس ناکارہ نے حضرت گنگوہی کے تمام رسائل کی تسہیل وتخریج کا پختہ عزم کرلیا تھا، یہ رسال بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے اورحضرت گنگوہیؒ کے دورسائل کا مجموعہ ہے۔ کتاب تیار ہے، اس ناکارہ نے بہت سے لوگوں سے اس کی طبع کرنے کی درخواست کی، کسی نے بھی حامی نہیں بھری، المرکز العلمی نے بندے کی تمام کتابوں کی طباعت اورنشر اشاعت کا بیڑا اٹھایا، اللہ اس ادارے کے بانیوں اورکارکنان نیز معاونین کو اپنے امن امان میں رکھے اورہرطرح کی خیربرکت سے نوازے۔ آمین!
مفتاح الاوزان
یہ وہی رسالہ ہے جو آپ کے ہاتھوںمیں ہے، اس سے متعلق مقدمہ میں پڑھ چکے ہوں گے۔