بسم اﷲ الرحمٰن الرحیم
باب اول
شاہ علم اللہ صاحبؒ کا خاندان اور اس کی اہم شخصیتیں
حضرت سید شاہ علم اللہؒ سادات کی اس شاخ سے تعلق رکھتے ہیں جن کو ’’حسنی حسینی‘‘ کہا جاتا ہے، ان کا سلسلۂ نسب سید حسن مثنی فرزند حضرت حسنؒ تک پہنچتا ہے جن کی شادی حضرت حسینؒ کی صاحبزادی سیدہ فاطمہ صغری سے ہوئی، ان کے فرزند سید عبد اللہ المحض تھے ، اس طرح خاندان کی اس شاخ میں جو سید عبد اللہ المحض سے چلی، حضرت حسنؒ و حضرت حسینؒ دونوں کی نجابت شامل ہوگئی، اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اس کے اثرات تاریخ کے عظیم تغیرات، زمانہ کے انقلابات اور ہزاروں میل کے فاصلوں اور اتنی نسلیں گزرنے کے باوجود بھی ظاہر ہوتے رہے، اور ترویجِ شریعت، پیروئ سنت، زہدو تقوی، علم و فضل اور سنان و قلم ہر شعبہ میں ایسی اولو العزم اور بلند قامت شخصیتیں پیدا ہوئیں جن سے سنت و شریعت، جہاد و قربانی اور زہد و تقوی کی شمع برابر روشن رہی، انھوں نے بدعت و عجمیت، فلسفہ زدہ تصوف اور دوسرے بیرونی و اندرونی اثرات سے آزاد اور بالا تر ہو کر ہمیشہ اس طرزِ زندگی کا مظاہرہ کیا جسے اسوۂ نبوی سے بہت قریب اور صحابہ کرام کی زندگی سے قریب تر کہا جا سکتا ہے۔
سلسلۂ نسب
حضرت سید شاہ علم اللہ کا سلسلۂ نسب یہ ہے:
حضرت سید شاہ علم اللہ الحسنی الحسینی القطبی بن سید محمد فضیل بن سید محمد معظم بن قاضی سید احمد بن قاضی سید محمود بن سید علاء الدین بن سید قطب الدین محمد ثانی بن سید صدر الدین ثانی بن سید زین الدین بن سید احمد بن سید علی بن سید قیام الدین بن سید