باب پنجم
ارشادات و ملفوظات
سید شاہ علم اللہ ؒ کے اوصاف و کمالات کی کچھ تفصیل گزشتہ صفحات میں پیش کی گئی ہے۔ اس باب میں ان کے چند ارشادات و ملفوظات نقل کئے جاتے ہیں ، جو اتباعِ سنت، معرفت و ولایت، صفائی باطن، صبر کی حقیقت، محبت کے درجات اور اس قسم کے دوسرے مضامین پر مشتمل ہیں ، افسوس ہے کہ اس سلسلہ میں کوئی بڑا ذخیرہ ہمارے پاس موجود نہیں ، معلوم نہیں کہ وہ گردشِ ایام کی نذر ہوگیا اور اب ہماری دسترس سے باہر ہے یا کسی قدیم اور دور افتادہ کتب خانہ کی بوسیدہ الماریوں میں محفوظ اور سورج کی روشنی سے محروم ہے، ہمارے ہاتھ میں جو مختصر مجموعہ ہے وہ مصنف ’’نتائج الحرمین‘‘ کا مرتب کردہ ہے اور صرف یہی حوالہ اس کے قابلِ اعتبار اور کامل المعیار ہونے کے لئے کافی ہے۔(۱)
بہرحال اس کا جو کچھ حصہ اس وقت ہمارے پاس ہے اس میں ایک طالبِ صادق اور جویائے حق کے لئے خاصا سامان موجود ہے، اور نگاہِ بصیرت اپنے لئے اس سے بھی کحل الجواہر تیار کرسکتی ہے، دل کی سرد انگیٹھیوں کے سُلگانے کے لئے بعض اوقات ایک آدھ چنگاری اور ایک آدھ پھونک بھی کام کرجاتی ہے بشرطیکہ ان پر پانی نہ پڑچکا ہو۔
------------------------------
(۱) یہ مجموعہ جناب سید احمد شاہ نقوی بن مولانا سید حامد شاہ نقوی قاضی شہر رام پور نے والد ماجد حکیم ڈاکٹر مولانا سید عبد العلی حسنیؒ کی خدمت میں اپنے کتب خانہ سے نقل کرواکے ۱۹۴۲ء میں ارسال کیا تھا، اس وضاحت ان کے مرسلہ مبیضہ میں موجود ہے۔