باب ہفتم
اولاد و احفاد
سید شاہ علم اللہؒ کی نسبتِ باطنی کے سب سے بڑے وارث اور امین اور ان کے صوری و معنوی جانشین ان کے نامور اور با کمال فرزند تھے، سید شاہ علم اللہؒ کی زندگی کا عکس اور پر تو دیکھنا ہو تو ان کے اولاد و احفاد کا سراپا دیکھنا چاہئے، سید شاہ علم اللہؒ کے ارجمند و سعادت مند فرزندوں نے ان کا جو عکس قبول کیا تھا اس کی تابانی و درخشانی اصل سے کسی طرح کم نہ تھی، اس سے زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ یہ روشنی اور ضو فشانی ان کی دوسری پشتوں میں اس طرح منتقل ہوتی رہی کہ اس کے تسلسل اور فیاضی کو دیکھ کر آدمی بے ساختہ پکار اٹھتا ہے ؎
ز فرق تا بقدم ہر کجا کہ می نگرم
کرشمہ دامنِ دل می کشد کہ جا اینجا ست
سید شاہ علم اللہؒ کے چار صاحبزادے تھے، سید شاہ آیت اللہؒ، سید محمد ہدی، سید محمد ابو حنیفہ، سید محمدؒ، آئندہ اوراق ان کے پُر اثر تذکرہ اور ان کے نامور اور قابل ذکر فرزندوں کے مختصر حالات و سوانح کے لئے مخصوص ہیں ۔
سید شاہ آیت اللہؒ
شاہ آیت اللہؒ ، شاہ علم اللہؒ کے سب سے بڑے فرزند تھے، بہت کمسنی میں درسیات کی تکمیل کی اور حفظ کی دولت سے ما لا مال ہوئے، بڑے شجاع، عالی ہمت اور بلند حوصلہ شخص تھے، آغازِ شباب ہی میں انھو ں نے بعض ایسے کام کئے کہ شجاعان زمانہ ان پر رشک کرتے تھے اور اعتراف کرتے تھے کہ اس میدان میں ان کا کوئی ہمسر