ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
پر اسلام پر اعتراض کرے ۔ میں ایک مثال پر عرض کرتا ہوں اس سے سمجھ لیجئے ۔ ایک جائداد ہے مشترک ایک تو اس میں پندرہ آنہ کا مالک ہے اورایک ایک آنہ کا مالک ہے کوئی مقدمہ اس جائداد کے خلاف قائم ہو جاوے اور ایک آنہ والا پندرہ آنہ والے سے کہے کہ مجھ کو تو کچھ فکر نہیں ۔ تم کچھ کرو ۔ کہے گا تم کیا کہتے ہو تم کو تو زیادہ فکر چاہئے اس لئے کہ تمہارا ایک ہی آنہ ہے اور میرے پندرہ آنہ ہیں جاتے جاتے بھی میرے آٹھ سات آنہ تو رہینگے اور تمہارا گیا تو کچھ بھی نہ رہے گا اس لئے قلیل والے کو زیادہ فکر کی ضرورت ہے اسی طرح مسلمانوں کے ساتھ اس مسئلہ میں دوسرے مذاہب کو بھی زیادہ غور اور فکر کرنا چاہیے ۔ مسئلہ تقدیر کو مسلمانوں ہی کے ساتھ خاص سمجھ لینے کی کیا وجہ ۔ (510) حسن حسین اور محسن کا ترجمہ ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا نام ہے شبیر ۔ حضرت ہارون علیہ السلام کے صاحبزادوں کے نام ہیں شبیر ، شبر مشبر ان کا ترجمہ ہے ۔ حسین ، حسن ، محسن یہ سریانی یا عبرانی زبان ہے جس کا یہ ترجمہ ہے ۔ 22 شعبان المعظم سنہ 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم چہار شنبہ (511) مسلمانوں کو اجتماعی حالت کی ضرورت ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ خیال لوگوں کا غلط ہے مسلمانوں میں بحمد اللہ اب بھی سب کچھ ہے ۔ صرف ایک چیز کے نہ ہونے سے کچھ نہیں معلوم ہوتا وہ یہ کہ ان کی اجتماعی حالت نہیں ۔ ورنہ اور کیا چیز نہیں کس چیز کی کمی ہے ۔ علم بھی ہے عقل بھی ہے فہم بھی ہے مال بھی ہے دائیداد بھی ہے شجاعت اور قوت بھی ہے جوش وخروش بھی ہے ۔ حمیت اسلام غیرت اسلام بھی ہے ۔ ساتھ ہی میں سکون اور صبر بھی ہے اگر نہیں تو محض اجتماعی حالت نہیں ۔ اس کے نہ ہونے کی وجہ سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ مسلمانوں میں کچھ بھی نہیں ۔ اللہ کے بندہ بڑے بڑے کونوں میں پڑے ہیں ۔ اس وقت بھی مسلمان ایسے گرے ہوئے نہیں جیسا کہ سمجھ لیا گیا ہے ۔ (512) اصول صحیحہ عجیب چیز ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اصول صحیحہ عجیب چیز ہے اس کو جو بھی