ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
ایجاد کئے ہوئے مذہب میں ایسا مسئلہ قیامت تک نہیں ہو سکتا ۔ انسان کبھی اپنے گروہ کو ایسی تعلیم نہیں دے سکتا ہے ایسی تعلیم خدا ہی کی ہو سکتی ہے کہ جو یہ جانتے ہیں کہ اگر دشمنوں نے دھوکہ بھی دیا تو پھر غالب کر دینا ہمارے قبضہ قدرت میں ہے ۔ (292) جملہ کفار دشمن اسلام ہیں ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ کافر جتنے ہیں سب اسلام کے دشمن ہیں کوئی گورا ہو یا کالا ۔ دونوں سانپ ہی ہیں بلکہ گورے سانپ سے کالا سانپ زیادہ زہریلا ہوتا ہے اگر گورے سانپ کو گھر سے نکال بھی دیا تو کالا ڈسنے کو موجود ہے جس کا ڈسا ہوا زندہ ہی رہنا مشکل ہے ۔ (293) اپنے بزرگ یاد آتے ہیں ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اس وقت اپنے بزرگ یاد آتے ہیں اگر وہ حضرات اس زمانہ میں ہوتے تو وہ قصہ سامنے آجاتا کہ شخص نے ایک بزرگ سے پوچھا تھا کہ صحابہ میں اور ہم میں کیا فرق ہے ۔ ان بزرگ نے جواب دیا کہ فرق یہ ہے کہ اگر تم اس کو دیکھتے تو مجنوں سمجھتے اور وہ تم کو دیکھتے تو کافر سمجھتے اور تم پر جہاد کرتے اور کسی کی کیا شکایت کی جائے اب تو ان بزرگوں ہی کے متوسلین کی یہ حالت ہو گئی ہے کہ ان کو دیکھ کر یہ نہیں معلوم ہوتا کہ یہ اس جماعت سے تعلق رکھنے والے ہیں ۔ پہلے زمانوں میں بھی اقلاب ہوتا تھا مگر بتدریج اور اس زمانم میں ایک دم انقلاب ہو گیا ۔ ان واقعات کو دیکھ دیکھ کر بہت ہی افسوس ہوتا ہے ۔ (294) ہر کام میں حفظ حدود ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ہر چیز کو اپنے درجہ پر رکھنا یہی بڑا کمال ہے آج کل اکثر مشائخ اور علماء میں اسی کی کمی ہے کہ کوئی چیز ان یہاں اپنے درجہ پر نہیں رہی لیکن یہاں پر بحمد اللہ تعالی اپنے بزرگوں کی دعاء کی برکت سے ہر چیز اپنے اپنے درجہ پر ہے اور یہ میں کوئی فخر سے نہیں کہہ رہا بلکہ ایک نعمت خداوندی کا اظہار کر رہا ہوں فخر کی اس میں کون سی بات ہے ۔ (295) اشاعت حق کے لئے ضرورت جہاد ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک فاضل فلسفی نے یورپ کے شبہ سے متاثر ہو کر مجھ سے پوچھا کہ جہاد کیا چیز ہے ۔ میں نے کہا کہ اشاعت حق ضروری ہے اس لئے اس کے موانع کا