ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
(436) انسان جاو وحکومت دماغ سے نکالنے کا مکلف ہے فرمایا کہ ایک رئیس کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ باوجود جاہ اور حکومت کے نکالنے کے پھر بھی میرے دماغ سے جاہ اور حکومت کی بو نہیں نکلی ۔ میں نے لکھ دیا ہے کہ آپ صرف نکالنے کے مکلف ہیں نکلنے کے نہیں اگر نکالنے پر بھی نہیں نکلی رہنے دیجئے آپ کا ضرر ہی کیا ہے ۔ پھر اس پر فرمایا کہ کیا کہیں دوسری جگہ تربیت کے باب اتنی سہولت ہے ۔ (437) آپ تحمل سے زیادہ دوسرں کی راحت کی فکر کرنا چاہیے فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ دوسروں کی تکلیف نہیں دیکھی جاتی تکلیف میں دیکھ کر امداد کرتا ہوں پھر خود کو تنگی ہوتی ہے ۔ اس کا علاج فرمایئے میں نے لکھ دیا ہے کہ اپنی راحت اور دوسروں کی راحت علی وجہ الکمال جمع نہیں ہو سکتی اب اس میں دو مشرب ہیں بعض کو اپنی راحت مقدم ہوتی ہے اور بعض کو دوسروں کی اب اپنا تحمل اور قوت وہمت دیکھ لیں ۔ جب تک آدمی برداشت کر سکے کرے جب اپنے کو تکلیف ہونے لگے چھوڑ دے ۔ دوسرے کی تقدیم میں کبھی یہ خرابی ہوتی ہے کہ حقوق واجبہ فوت ہونے لگتے ہیں ۔اور ان بزرگ کا سوال کرنا یہ خود دلیل ہے عدم تحمل کی ۔ (438) اصلاح کی نیت سے وعظ دیکھنے کی ضرورت فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا تھا اس میں تعلیم کی درخواست کی تھی ۔ میں نے لکھ دیا کہ میرے بیس وعظ دیکھو اور عمل کرو پھر اپنی حالت سے اطلاع دو کہ کوئی انقلاب ہوا یا نہیں بیس وعظ دیکھ کر لکھا کہ کوئی انقلاب میری حالت میں نہیں ہوا ۔ میں نے لکھا کہ کیا اصلاح کی نیت سے وعظ نہیں دیکھے تھے یا ان میں اصلاح کے مضامین نہ تھے ۔ یا تم میں کوئی بات بات قابل اصلاح نہیں ہے لکھا ہے کہ میں نے اصلاح کی نیت سے نہ دیکھے تھے ۔ میں لکھا کہ اب اس نیت سے دیکھو ۔ آج خط آیا ہے لکھا ہے کہ الحمد للہ بیحد نفع ہوا اور عظیم انقلاب پیدا ہو گیا ۔ اب اگر کوئی وظیفہ بتلادیتا اس سے یہ کام تھوڑا ہی بن سکتا تھا ۔ آدمی قاعدہ سے کام کرے اللہ تعالی نفع دینے والا ہے خود اپنی رائے سے کام کرتے ہیں پریشان ہوتے ہیں ۔ آج کل ان رسمی اور دکاندار پیروں نے لوگوں کی راہ ماری ہے لمبے چوڑے وظائف بتلا دیتے ہیں بھلا کہیں سے وظائف سے اصلاح ہو سکتی ہے ۔ اصلاح تو اصلاح ہی طریق سے ہوتی ہے ۔ 18 شعبان المعظم 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم شنبہ