باب ۲
افتتاح بخاری
جامعہ عربیہ ہتھوراباندہ میں دورۂ حدیث شریف کی ابتداء اور بخاری شریف کا افتتاح
افتتاح بخاری کی مناسبت سے حضرت اقدس مولانا سید صدیق احمد صاحب باندویؒ نے ارشاد فرمایا کہ ہم تو سوچ بھی نہ سکتے تھے کہ یہاں بیٹھ کر کبھی بخاری شریف پڑھانے کی بھی نوبت آئے گی،میں تو یہاں بغدادی قاعدہ لے کر بیٹھا تھا،ایک مسجد کے حجرہ میں پڑھانا شروع کیا، اللہ نے آج یہاں تک پہونچا دیا،ہم نے کبھی اس کی کوشش اور تمنا نہیں کی کہ یہاں دورۂ حدیث ہوجائے لیکن اللہ کو منظور تھا اس نے ایسے حالات پیدا کردیئے کہ مجبوراً دورہ کھولنا پڑا،جب دوسرے مدرسہ والوں نے دورہ حدیث میں داخلہ لینے میں تنگی شروع کردی تو طلباء پر یشان ہو نے لگے،بیچارے طلبہ جائیں تو کہاں جائیں ، بھٹکے بھٹکے پھرتے ہیں اس لئے مجبوراً دورہ کا انتظام کرنا پڑا حضرت مفتی اقدس محمود صاحب گنگوھیؒ تو کافی عرصہ سے فرمارہے ہیں لیکن میں ٹالتا رہا،ورنہ آج سے دس سال پہلے بھی دورۂ حدیث شروع ہو سکتا تھا۔
جو اللہ کو منظور ہو اسی میں خیر ہو تی ہے اب ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ دورہ کھولا جائے اس خیر کی قدر کرنی چا ہئے ،خیر اسی وقت تک خیر ہے جب تک اس کی قدر کی جا ئے اور اگر اس کی ناقدری کی جا ئے تو وہی خیر شر بن جاتا ہے۔