بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
الحمدللّٰہ رب العلمین ،والصلوٰۃ والسلام علی
سید المرسلین محمد وعلیٰ آلہ وأصحابہ اجمعین
باب۱
حالاتِ امام بخاری
نسب:
محمد ابن اسماعیل بن ابراہیم بن المغیرہ بن بَرْدِزْبَہ الجعفی البخاری(باء اولیٰ مفتوح، راء ساکن، دال مہملہ مکسور، زاء معجمہ ساکن، باء ثانی مفتوح ، ہاء ہوز ساکن)
بعض حضرات نے ابن بردزبہ کے بعد ان کے والد کا نام بَذِذْبَہ لکھا ہے، (اس میں با ء اول مفتوح ، ذال اول مکسور ، ذال ثانی ساکن ،باء ثانی مفتوح ہاء ہوز ساکن)
تاریخ میں بردز بہ اور ان کے والد بذذبہ کے حالات نہیں ملتے۔
اہل حجاز کی زبان میں ’’بر دزبہ ‘‘کاشتکار کوکہتے ہیں ، ممکن ہے یہ کاشتکاری کرتے ہوں ، ان کے متعلق حافظ ابن حجر نے لکھا ہے کہ یہ اپنی قوم کے مذہب پر تھے یعنی آتش پرست تھے۔
امام بخاری کے پردادا یعنی مغیرہ بخاریٰ کے حاکم یمان جعفی کے ہاتھ پر مسلمان ہوئے تھے اس لئے ان کو جعفی کہاجاتا ہے، ’’جعف‘‘ایک قبیلہ تھا اس کی طرف نسبت ہے، پہلے ایسا ہوتا تھا کہ جو شخص کسی کے ہاتھ پر مسلمان ہوتا تو اس کی طرف منسوب ہوتا