اپنے زہد واستغنا ء کی مثال قائم رکھئے
(ایک اہم) بات یہ کہ آپ زہد واستغناء کی ایسی مثال قائم کریں کہ بڑی سے بڑی حکومت وسلطنت آپ کو خرید نہ سکے،اس دین کے اب تک باقی رہنے کا راز بھی یہ ہے کہ ربانی وحقانی علماء کو آج تک کوئی خرید نہیں سکا…آپ اپنے کو پوری طرح آزاد رکھئے ،کسی حکومت کی سرپرستی ،اور کسی مالی سرچشمہ اور سرپرستی سے آزاد رہئے، اس وقت یہ عام ہوا چلی ہوئی ہے عربی پڑھنے والے خلیجی ملکوں میں جاتے ہیں اور خاص طورپر سعودی عرب جاتے ہیں تا کہ بڑی نوکری تلاش کریں ۔(خطبات علی میاں ص:۲۱۷ج۶)
تواضع اختیار کیجئے، خود اختلاف سے بچئے اور امت کو بچائیے
مسلمانوں کی پچھلی تاریخ میں ہمارے سامنے بڑی عبرت ناک مثالیں ہیں ، جن ملکوں میں اسلام کا زوال ہوا یا دشمنِ اسلام طاقتیں غالب آئیں ، آپ اگر تحقیق کریں گے تو ان میں کچھ ایسی چیزں پائیں گے، جن سے اس دور میں سبق لیا جاسکتا ہے، ان میں ایک چیز تھی علماء کا شدید اختلاف ، اور دوسری چیز یہ تھی کہ علماء کا عوام سے رابطہ نہیں تھا ،ان کی شخصیتیں اتنی مؤثر نہیں رہ گئیں تھیں کہ عوام کے قلوب میں دین کا احترام اور علماء کا وقار قائم رکھتیں ۔
اپنے اس تاریخی مطالعہ اور عالم اسلام سے قریبی واقفیت کی بنا پر کہتا ہوں کہ اعتقادی اور سیاسی انتشار اس ملک کے لئے سخت خطرناک ہے، یہاں مذہبی گروہ ایک دوسرے سے دست وگریباں ہیں ، بعض بحثیں جو علمی انداز میں ہوسکتی تھیں ان کو عوام میں لے آیا گیا ہے، اور ان کی بنیاد پر متحارب کھیپ اور متوازی محاذ بن گئے ہیں ، یہ سخت خطرناک بات ہے، میں بھی اسی گروہ سے تعلق رکھتا ہوں جس سے آپ کا تعلق ہے،