اس کتاب کی خصوصیت
پیش نظر کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں متعدد کبار علماء ومحدثین اور مشائخ کی اس سلسلہ کی تقریریں جمع کردی گئیں ہیں ، اور یہ کام عزیز گرامی مولوی مفتی محمد زید ندوی مظاہری سلمہ نے کیا ہے، جن کو اس کام سے شروع سے مناسبت رہی ہے،
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیفات، مواعظ اور ملفوظات کو کھنگال کر انہوں نے جس طرح مختلف موضوعات پر کتابیں مرتب کی ہیں یہ ان کا بڑا کارنامہ ہے، اس طرح انہوں نے دستر خوان سجاکر پیش کردیا ہے، ان کا حضرت مولاناقاری صدیق احمد باندوی رحمۃ اللہ علیہ سے تعلق رہا ہے اور ان ہی کی سرپرستی میں انہوں نے یہ کام انجام دیا، اب وہ خود قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تقریروں اور دروس پر بھی کام کر رہے ہیں ، یہ سلسلہ بھی بڑی حد تک اسی کی کڑی ہے،لیکن اس میں انہوں نے مولانامحمد یونس صاحب جونپوری( شیخ الحدیث مدرسہ مظاہرالعلوم سہارنپور) کی بھی ایک تقریر شامل کردی ہے،اور اسی طرح خال معظم حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی بھی بعض تحریریں جو اس موضوع پر تھیں شامل کتاب کرلی ہیں ، اس طرح اس کی افادیت دو چندسہ چند ہوگئی ہے۔
میں عزیز موصوف کو مبارک باد دیتاہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے اس کام کو بھی قبول فرمائے اور مفید بنائے۔
محمد رابع حسنی ندوی