بخاری شریف پڑھانے کی تیاری
حضرت اقدس مدظلہ بخاری شریف پڑھانے کے لئے بہت محنت فرمارہے تھے رات دن اسی میں انہماک رہتا تھاطلبہ کے فائدہ کے لئے حضرت والانے بڑی محنت وجانفشانی سے حدیث کے مصطلحات ،تعریف وتقسیم اور ان کے مبادی ایک کاپی میں تحریر فرمائے تاکہ طلباء کو فن حدیث سے مناسبت پیدا ہوسکے اس کے لئے حضرت نے بہت کافی محنت فرمائی حتی کہ بیمارتک پڑگئے،لیکن الحمد اللہ وہ مجموعہ تیار ہوگیا جومبادی حدیث ومصطلحاتِ حدیث اور دیگر فوائد پر مشتمل ہے حدیث پڑھنے والوں کیلئے اس کامطالعہ ان شاء اللہ بہت مفید ہوگا۔
مدرسہ کے بعض اساتذہ نے حضرت سے عرض کیا کہ حضرت بخاری شریف تو اور بھی مدارس میں ہوتی ہے لیکن اور لوگ تو اتنی محنت نہیں کرتے۔حضرت نے فرمایا میں اسکو خیانت سمجھتا ہوں ۔آدمی سے جتنا ہوسکے اس میں کسر نہ اٹھارکھے،بغیر مطالعہ کے پڑھانے کو میں حرام سمجھتا ہوں ۔
بخاری شریف کا افتتاح
بخاری شریف شروع ہونے سے چندروز قبل حضرت اقدس دامت برکاتہم نے اپنی تیار کردہ کاپی طلباء کے حوالہ فرمادی کہ اسکو نقل کرنا شروع کردو۔(حضرت کا کئی روزکا مسلسل سفر بھی تھا)حضرت نے اعلان فرمایا کہ دورۂ حدیث کے سارے اسباق آج ہی شروع ہوجائیں ،کم از کم لکھانا تو شروع ہی کردیں ،حضرت اقدس مفتی محمود صاحب کاانتظار ہے جب وہ آئیں گے بخاری شریف شروع فرمائیں گے،جب ایک بات طے ہوگئی ہے اسکا انتظار ہی کرلیا جائے،اس کے بعد حضرت سفر میں تشریف لے گئے۔