حضرت کے ایک استادکا واقعہ
کسی بات پر دوران درس فرمایا کہ حضرت مولانا عبد الرحمن صاحب کاملپوری میرے استاد ہیں جن سے سہانپورمیں میں نے ترمذی پڑھی ہے وہ بہت تحقیق سے پڑھایا کرتے تھے،بہت عبادت گذار،متقی پر ہیز گار تھے۔حافظ ابن حجرؒ کا بہت رد کرتے تھے، لیکن بہت ادب کے ساتھ،اس طرح فرماتے تھے کہ ’’حافظ صاحب سے یہاں چوک ہوگئی‘‘پھر اس کو واضح فرماتے تھے بہت تحقیق سے پڑھاتے تھے،حوالہ پہ حوالہ دیتے تھے ایک مرتبہ دوران سبق میرے دل میں خیال ہوا کہ اتنے حوالے دے رہے ہیں کیا یہ سب صحیح ہوں گے فوراً فرمایا لاؤ بھائی فلاں الماری میں کتاب رکھی ہے اس میں یہ بات لکھی ہے کھول کر دکھلادوں ،کسی صوفی کے دل میں خیال آیاہے کہ یہ حوالے صحیح بھی ہیں یا نہیں ،میں بہت شرمندہ ہوا پانی پانی ہوگیا۔