باب۴
ختم بخاری شریف
امام بخاری کی مقبولیت کے اسباب
اللہ پاک نے امام بخاری کو جو مقام عطاء فرمایا ہے،اور ان کو اپنے اقران پر جو فضیلت عطاء فرمائی تھی وہ صرف ان کے حافظہ کی وجہ سے نہیں تھی بلکہ اس میں بہت بڑا دخل ان کے زہد ورع اور تقویٰ وتواضع اور انکساری ،علم دین حاصل کرنے میں جفاکشی ومحنت طلب حدیث میں ان کی صحراء نوردی اس کے لئے بھوک وپیاس کو برداشت کرنا جنگل کی پتیاں کھاکر گذر کرنا اور ان سب کے ساتھ والدہ کا رو روکر دعاء کرنا،باوجود بیوگی کے امام بخاری کو علم دین کے لئے وقف کردینا یہ وجوہ تھے جس سے اللہ پاک نے امام بخاریؒ کویہ مقبولیت عطاء فرمائی۔
بخاری شریف کی تالیف میں امام بخاری کا اہتمام
امام بخاریؒ نے اپنی اس کتاب کو بڑے اہتمام کے ساتھ تالیف فرمایا ہے،مسجد نبوی میں بیٹھ کر احادیث مدوّن کی ہیں اور ہر حدیث کے لکھنے سے پہلے غسل فرماتے اور دو رکعت نماز ادا کرتے،جب صحت حدیث کا یقین اور پورے طور پر انشراح ہوجاتا اس وقت اپنی کتاب میں درج کرتے اسی طرح تراجم ابواب میں بھی یہ طریقہ اختیار فرماتے،ترجمہ قائم کرنے سے پہلے طواف فرماتے اور مقام ابراہیم میں دورکعت نفل ادا فرماتے۔