ذیل علی الموسوعه کے نام سے ایک ذیل بھی ملحق هے، جس میں مزید کتابوں کے اطراف کو لے لیا گیا هے۔ اس طرح کل (۲۰۰)کے قریب کتابوں کی احادیث کا بڑا ذخیره اس کتاب میں جمع هوگیا هے۔
(تخریج الحدیث نشأته ومنھجیته، ص: ۸۴)
تقریب التهذیب
کتبِ ستہ اور اس کے ملحقات کے راویوں کی معلومات کے لیے یہ ایک مختصر، جامع ترین اور انتہائی مفید کتاب ہے، جو بہ قامت کہتر بقیمت بہتر کی مصداق ہے۔ اس کتاب کو حافظ ابن حجرؒ نے تہذیب التہذیب کے بعد تصنیف کیا ہے، تہذیب التہذیب جس میں تہذیب الکمال کو مختصر اور مہذب کیا گیا تھا، مختصر ہونے کے باوجود بھی کافی طویل تھی، (جو فی الحال بارہ جلدوں میں مطبوع ہے) اس لیے کچھ محبینِ علم نے ان سے یہ درخواست کی کہ اس کتاب کو بھی مختصر کر دیا جائے تو بہتر ہوگا، چناں چہ کچھ پس وپیش کے بعد انہوں نے اس کے اختصار کا بیڑا اٹھایا اور ایسے نرالے ڈھنگ سے تیار کیا جس کی نظیر نہیں ملتی، معمولی سے وقت میں چند کلمات کے ذریعہ راوی کے بارے میں ضروری معلومات حاصل ہوجاتی ہے، یہ کتاب اپنے اس قالب میں انتہائی مشہور اور متداول ہوئی علماء نے اس پر بھر پور اعتماد کیا، جس کو تفصیل وتحقیق کی ضرورت ہوتی ہے، وہی دوسری کتابوں کی مراجعت کرتا ہے ورنہ اسی کو کافی سمجھتا ہے۔