(۱) تکبیر تحریمہ کیلئے مردوں کا دونوں ہاتھ کانوں تک اور عورتوں کا سینے تک اٹھانا۔ (۲) ہاتھوں کا باندھنا۔ (۳) ثناء (سبحانک اللھم آخر تک) پڑھنا۔ (۴) تعوذ (اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم) (۵) تسمیہ (بسم اللہ الرحمن الرحیم) (۶) ایک رکن سے دوسرے رکن کو منتقل ہوتے وقت تکبیر (اللہ اکبر) کہنا۔ (۷) رکوع سے اٹھتے ہوئے سمیع اللہ لمن حمدہ) پڑھنا اور پھر ربنا لک الحمد پڑھنا۔ (۸) رکوع میں کم از کم تین مرتبہ سبحان ربی العظیم پڑھنا ۔ (۹) سجدہ میں کم از کم تین مرتبہ سبحان ربی الاعلیٰ کہنا۔ (۱۰) دونوں سجدوں کے درمیان اور التحیات میں بیٹھنے کیلئے مردوں کو بائیں پاؤں پر بیٹھنا، سیدھا پاؤں کھڑا کرنا اور عورتوں کو دونوں پاؤں سیدھی طرف نکال کر کولھوں پر بیٹھنا۔ (۱۱) درود شریف پڑھنا۔ (۱۲) درود کے بعد والی دعا پڑھنا۔ (۱۳) سلام کے وقت منہ دائیں بائیں پھیرنا۔ (۱۴) امام سلام میں فرشتوں ، مقتدیوں اور نیک جنات کی نیت کرے۔ امام کے بالکل پیچھے والا مقتدی بھی امام کی نیت کرے دائیں بائیں والے مقتدی جدھر امام ہو اس سلام میں اس کی نیت کرلیں۔
نماز کے مستحبات:
مستحب کے لفظی معنی ’’پسندیدہ چیز یا کام‘‘ کے ہیں شریعت میں مستحب سے مراد وہ کام ہے جس کے کرنے سے ثواب ہو اور نہ کرنے سے گناہ نہ ہو۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ ثواب حاصل کرنے کیلئے مستحب کے کاموں کو بجا لانا چاہیے۔ چند مستحبات جو نماز میں ہیں۔ وہ مندرجہ ذیل ہیں۔
(۱) چادر اوڑھے ہوئے مرد کا ہاتھوں کو چادر کے باہر نکال کر کانوں تک اٹھانے چاہیے۔ (۲) ممکن حد تک کھانسی کا روکنا۔ (۳) جمائی کے دوران منہ بند رکھنے کی کوشش کرنا ورنہ قیام کی حالت میں دائیں ہاتھ کی پشت، دوسرے ارکان کی حالت میں بائیں ہاتھ کی پشت سے منہ کو ڈھانپیں۔ (۴) قیام کی حالت میں سجدہ کی جگہ، رکوع میں قدموں پر، سجدہ میں ناک پر قعدہ میں گود پر، سلام میں کندھوں پر نظر رکھنا۔
مکروہات نماز:
وہ چیز یا کام جو(حرام نہ ہومگر) ناپسندیدہ ہو مکروہ کہلاتا ہے ۔ ان سے نماز ٹوٹتی نہیں لیکن ثواب کم ہو جاتا ہے۔ایسے کام بے ادبی اورلاپرواہی کی علامت ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے نماز کی برکت جاتی رہتی ہے ان سے ہمیںبچنا چاہیے۔ نماز کے چند مکروہات مندرجہ ذیل ہیں۔ (۱) کوکھ پر ہاتھ رکھنا غرور کی نشانی سمجھی جاتی ہے۔ (۲) آستین چڑھا کر نماز پڑھنا۔ (۳) کپڑے سمیٹنا (۴) جسم یا کپڑے سے کھیلنا۔ (۵) انگلیاں چٹخانا (۶) دائیں بائیں گردن موڑنا (یاد رکھیں سینہ موڑنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے)۔ (۶) انگڑائی لینا (۸) سجدہ میں مرد کا کلائیاں زمین پربچھانا (۹) سجدہ میں مردوں کا رانوں کو پیٹ سے ملانا۔ (۱۰) بغیر کسی عذر کے چار زانو (آلتی پالتی) بیٹھنا ۔ (۱۱) صف سے الگ تنہا کھڑے ہونا۔ (۱۲) سامنے یا سر کے اوپر جاندار کی تصویر ہونا۔ (۱۳) تصویر والے کپڑے یا تصویر رکھ کر نماز پڑھنا۔ (۱۴) کندھوں پر کسی کپڑے کے دونوں سرے جھولتے ہوں۔ (۱۵) زیادہ پیشاب ، پاخانہ، یا بھوک کی حالت میں نماز پڑھنا۔ (۱۶) سر کھول کر مردوں کا نماز پڑھنا کراہت کا حکم ہے عورتوں کی نماز نہیں ہوتی۔ (۱۷) آنکھیں بند کر کے نماز پڑھنا۔