یہ تفصیلی اظہار عقیدہ صراحۃً قرآن مجید اور احادیث نبویہ دونوں سے کھلا انکار بھی ہے اور دونوں پر مرزاغلام احمد قادیانی کی فوقیت اور حاکمیت کا بلا ابہام ادّعا بھی یہ صریح کفر ہے اور ہماری اس ترتیب کے مطابق چودھویں وجہ کفر۔
مرزاغلام احمد کی اتباع ہی ذریعہ نجات ہے
مرزاغلام احمد قادیانی اور ان کی امت کو کافر قرار دینے کی وجہ کی تفصیل یوں ہے: مرزاغلام احمد قادیانی نے اس دعویٰ کی جسارت بھی کر ہی لی کہ اب دین بھی میرا اور نجات بھی میری ہی اطاعت سے ہوگی۔ وہ کہتے ہیں۔ اﷲ عزوجل نے میرے بارے میں فرمایا: ’’ہو الذی ارسل رسولہ بالہدی ودین الحق لیظہرہ علیٰ الدین کلہ اﷲ وہی تو ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق کے ساتھ بھیجا۔ تاکہ اسے تمام ادیان پر غالب کرے۔‘‘ (حقیقت الوحی ص۷۱، خزائن ج۲۲ ص۷۴)
اور یہ بھی خود میرے متعلق ہی الہام ہوا: ’’قل ان کنتم تحبون اﷲ فاتبعونی ویحببکم اﷲ انہیں کہہ دیجئے کہ اگر تم اﷲ سے محبت کرنا چاہتے ہو تو میری پیروی کرو۔ وہ تم سے محبت کرے گا۔‘‘ (حقیقت الوحی ص۷۹، خزائن ج۲۲ ص۸۲)
مرزاغلام احمد قادیانی کا دعویٰ یہ بھی ہے: ’’انا ارسلنا الیکم رسولاً شاہد علیکم کما ارسلنا الیٰ فرعون رسولا ہم نے تمہاری جانب رسول بھیجا۔ جو تم پر شاہد ہے۔ جیسا کہ ہم نے فرعون کی طرف رسول بھیجا تھا۔‘‘ (حقیقت الوحی ص۱۰۱، خزائن ج۲۲ ص۱۰۵)
ان تفصیلات سے یہ سلسلہ پایۂ تکمیل تک پہنچ گیا ہے۔ قران مجید اور احادیث اور خود حضور امام الانبیائﷺ کی نبوت پر ایمان براہ راست ناقابل قبول، صرف مرزاغلام احمد قادیانی اور وہ بھی اس طرح کہ قرآن مجید ہی کی طرح مرزاغلام احمد قادیانی کی وحی اور الہامات جن کا پڑھنا (تلاوت) سمجھنا (تدبر) اور یاد رکھنا (حفظ) لازمی اور زندگی وایمان کا ذریعہ… اور اس کے بعد اﷲ کی محبت کا واحد وسیلہ مرزاغلام احمد قادیانی کی اتباع اور مرزاغلام احمد قادیانی کو وہ نظام ہدایت (الہدیٰ) اور دین دے کر بھیجا گیا جو آخر کار تمام ادیان پر غالب آکر رہے گا۔ یہ ہے وہ دین جو مرزاغلام احمد قادیانی لے کر آئے ہیں اور یہ ہیں اس دین کے وہ بنیادی عقائد۔ جن کے بارے میں مرزاغلام احمد قادیانی کا دعویٰ ہے کہ وہ انہیں منجانب اﷲ بتائے گئے اور حکم دیاگیا کہ ان کی تبلیغ کرو۔ یہ ہے مرزاغلام احمد قادیانی اور ان کی امت کو خارج از اسلام قرار دئیے جانے کی پندرھویں وجہ۔