ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
جس کو انجام کی خبر نہیں اگر ایسے لوگ عاقل ہوتے تو آخرت کی فکر کرتے پہلے ایمان لاتے ہاں آکل ہیں روپیہ اور ملک کی فکر ہے ـ سو ایسے پہلے بھی بڑے بڑے گذر چکے جو خدائی تک کا دعوے کر گئے شداد نمرود فرعون قارون وہ کون چیز ہے جو نہ تھی جس کے نہ ہونے سے بد عقل اور بد فہم کہلائے بس یہی دین نہ تھا تو ان لوگوں کو تو دنیا میں بھی اتنی ثروت اور جاہ نصیب نہیں جیسے پہلوں کو نصیب ہو چکی کما قال تعالی ولقد مکنھم فیما ان مکنا کم الآیتہ ( اور ہم نے ان لوگوں کو ان باتوں میں قدرت دی تھی کہ تم کو ان باتوں میں قدرت نہیں دی ) مگر ان کا جو انجام ہوا خسر الدنیا والاخرۃ وہ اظہر من الشمس ہے اور ایسے لوگوں کی طرف جو کچھ بھی مسلمانوں کو میلان ہوا ہے یہ سب بد دین لیڈروں کی بدولت اور وہی اس کے ذمہ دار ہیں ہزار رہا مسلمانوں کے ایمان کو خراب اور برباد کر دیا انا للہ وانا الیہ راجعون ـ ملفوظ 419: کسب حلال کے سلسلہ میں فتوے اور تقوی فرمایا فیروز پور چھاؤنی سے ایک وکیل صاحب کا خط آیا ہے اس میں لکھا ہے کہ وکالت جائز ہے یا نہیں میں نے جواب میں لکھا ہے کہ کیا آپ کے پاس کوئی اور ذریعہ معاش ہے اب دیکھئے کیا جواب آتا ہے جیسا وہاں سے جواب آئے گا ویسا یہاں سے جواب جائیگا ـ کسب حلال کے سلسلہ میں فرمایا کہ حضرت احمد بن حنبل سے ایک عورت نے مسئلہ پوچھا کہ حضرت ایک روز گھر میں تیل نہ تھا ایک رئیس کی سواری شب کو مکان کے سامنے سے گذری سلسلہ دراز تھا میں نے اپنے دروازہ میں بیٹھ کر اسی روشنی میں چرخہ چلایا نہ معلوم وہ تیل حلال تھا یا حرام اس سوت سے نفع حاصل کرنا جائز ہے یا نہیں ـ دریافت فرمایا کہ تم کون ہو عرض کیا کہ میں بشرحافی رحمتہ اللہ علیہ کی بہن ہوں فرمایا کہ اگر کوئی اور ہوتا تو اجازت دیدیتا بشر حافیؒ کی بہن کو اجازت نہیں دے سکتا ـ ملفوظ 420: واجد علی شاہ کی ظرافت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ واجد علی شاہ اودھ عیش و نشاط میں پڑ کر واجد علی نہ رہا تھا فاقد علی ہو گیا تھا ـ مگر بعضے باتیں اس کی بڑی ظرافت میں ہوتی تھیں بعض انگریزوں نے اس سے