ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
ہے کہ مدرسہ سے ہم لوگوں کو سند ملنے والی ہے مگر چونکہ ہم کو کچھ آتا جاتا نہیں اس لئے اس کو موقوف کر دیجئے ـ جوش میں آ کر فرمایا کون کہتا ہے کہ تم کو آتا نہیں یہ خیال اپنے اساتذہ کو دیکھ کر آتا ہے لیکن باہر جہاں جاؤ گے تم ہی تم ہو گے اللہ اکبر ! کیسے توکل کیساتھ فرما دیا تھا ـ 17 رمضان المبارک 1350ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم سہ شنبہ ملفوظ 194: مہر کی کمی کا مطلب ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا ! کہ احادیث میں جو مغالاۃ مہر (نکاح کے وقت مہر بڑھا کر باندھنا)کی ممانعت ہے اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ سب قوم کے خلاف ایک شخص قلیل مہر مقرر کرے ورنہ فقہاء اس راز کو سمجھتے ـ دیکھئے فقہاء نے مسئلہ لکھا ہے کہ اگر غیر اب وجد کسی لڑکی کا نکاح مہر مثل سے کم پر کر دے تو نکاح ہی منعقد نہ ہو گا ـ اس سے معلوم ہوا کہ اگر ساری قوم مغالاۃ کراتی ہو تو اپنی اولاد کیلئے مہر مثل کی مراعات واجب ہے ممانعت مغالاۃ مہر کا مطلب یہ ہے کہ سب قوم کو چاہیے کہ مہر میں مغالاۃ کو رفع کرے ـ ملفوظ 296: تحریک خلافت میں حضرتؒ پر بہتان ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ بعض احمقوں نے زمانہ تحریک خلافت میں مجھ پر یہ بہتان باندھا کہ اس کو گورنمنٹ سے تین سو روپیہ تنخواہ ملتی ہے ایک شخص نے بڑا معقول جواب دیا کہ اس سے یہ تو معلوم ہو گیا کہ گورنمنٹ سے خوف زدہ تو نہیں ورنہ گورنمنٹ دباؤ سے کام لیتی اور تنخواہ نہ دیتی لیکن اس سے طمع معلوم ہوتی ہے ـ اب طمع کی جب یہ حالت ہے تو تم تین سو سے زائد کرو جب تو تمہارے ساتھ ہو جائیں گے ورنہ حقانیت معلوم ہو جائیگی ـ ایک صاحب سے ایک اور شخص نے میرے متعلق یہی کہا کہ تنخواہ پاتے ہیں انہوں نے دریافت کیا کہ کیا تم کو اس پر یقین ہے کہ یہ صحیح ہے ایمان سے کہنا کہا کہ بلکہ یہ یقین ہے کہ یہ بالکل جھوٹ بات ہے انہوں نے کہا کہ پھر کیوں ایسا کہتے ہو کہنے لگے کہ اپنی آواز کو زور دار بنانے کیلئے یہ دین ہے ان لوگوں کا اللہ تعالی اپنا رحم فرمائیں ـ