ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
جگہ چھوڑ دیا کرو باقی حرکت مت کیا کرو ـ مگر اس صورت میں یہ ہوا کہ بعض صاحب میرے ساتھ ہو لئے اور اس خالی جگہ پر جا کھڑے ہوئے ـ اب یہ ظاہر ہے کہ پہلے پہنچنے والے بے چارے میری محبت کی وجہ سے کہ اس کو آنے میں کلفت نہ ہو ـ ایک آدمی کی جگہ چھوڑ دیتے تھے تو وہ جگہ ان کا حق تھی ـ مگر میرے اس قاعدے سے دوسروں نے نفع اٹھانا شروع کردیا مجھ کو اس پر بھی خیال ہوا کہ میں آلہ بنا ـ ان ساتھ ہو لینے والے حضرت کے مؤخر سے مقدم بنانے کا اس پر میں نے یہ انتظام کیا کہ یہ بھی مت کرو ـ اپنی اپنی جگہ ملے ہوئے بیٹھے رہو ـ میں جب آیا کروں گا جس جگہ سے جانا کندھے پر ہاتھ رکھ دیا ـ اس وقت تھوڑی سی جگہ مجھ کو جانے کی دیدیا کرنا ـ اس میں ان کی بھی رعایت مقصود تھی ـ وہ یہ کہ مجھ کو معلوم تھا کہ یہ لوگ اس کو گوارا نہ کریں گے کہ مجھ کو کوئی تنگی ہو اس لئے مجھ کو بھی ان کی یہ نا گواری گوارا نہ ہوئی اور بے تکلف اشارہ کر کے رستہ لینا تجویز کر لیا ـ یہ میں نے بطور نمونے کے بیان کیا ہے اور ہزاروں جزئیات ہیں کہاں تک احاطہ ہو سکتا ہے جن کی میں رعایت رکھتا ہوں زبان سے دعوی کرنا آسان ہے کر کے دکھلانا بہت مشکل ہے - اسلئے میں بھی چاہتا ہوں کہ دوسرا بھی میری راحت کی رعایت رکھے ـ ملفوظ 166: بد فہمی اور بد عقلی کا کوئی علاج نہیں ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت جس شخص سے مسجد میں کھڑے ہو کر تکنے پر حضرت والا نے مواخذہ فرمایا تھا وہ مجھ سے یہ کہتے تھے کہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ دیکھنے سے بھی کسی کو تکلیف ہوتی ہے ؟ حضرت والا نے یہ سن کر فرمایا کہ جب فہم کی یہ حالت ہے اس کا کوئی علاج نہیں جب گھر کی عقل نہ ہو کوئی انتظام نہیں ہو سکتا ـ ایسوں کی غلطی پر اگر تسامح کیا جائے تو کیا امید ہو سکتی ہے ان سے کہ یہ خود سمجھ کر کوئی اذیت یا تکلیف نہ پہنچائیں گے بد فہم آدمی کا تو کسی حالت میں بھی انتظام نہیں ہو سکتا ـ