ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
ہر ہر بات پر نظر کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی کوئی بات حکمت سے خالی نہیں ـ یہاں پر تھانہ بھون میں جو جگہ ممتاز ہے وہ حوض والی مسجد ہے وہاں پر بھائی برادری کے لوگ رہتے ہیں ـ محلہ بھی برادری کا ہے اثر کیلئے بھی جگہ مناسب تھی اور نفع کی بھی امید زائد بھی اس لئے کہ ان سے کسی بات میں کوئی تکلف ہی نہ ہوتا مگر اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی ہے کہ وہ بھی اپنا اثر ڈالنا چاہتے برادری برادری کا معاملہ ہے ہمارے بزرگوں نے رہنے کیلئے اس غریب جگہ کو پسند کیا اس ممتاز جگہ کو پسند نہیں کیا حکمت یہ ہی ہے کہ یہاں پر کوئی مزاحم نہیں اس محلہ میں زمیندار آباد نہیں غریب لوگ آباد ہیں یہاں زمینداری بزرگوں کی ہے یہاں پر محلہ کے غریب لوگ نماز پڑھنے آتے ہیں یہاں پر بالکل آزادی ہے بس اس کا مصداق ہے ؎ بہشت آ نجا کہ آزارے نباشد ٭ کسے رابا کسے کارے نہ باشد ترجمہ : بہشت وہ ہے کہ جہاں کسی کو کسی سے کوئی تکلیف نہ ہو اور کسی کو کسی سے کوئی کام نہ ہو ـ ملفوظ 181: لوگوں کی روایات سے متاثر نہ ہونا فرمایا ! کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے یہاں پر کوئی روایت کسی شخص کی کوئی نہیں پہنچا سکتا ـ ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ یہ بات تو یہاں پر خاص ہے ورنہ قریب قریب اکثر بزرگوں کے یہاں سلسلہ حکایت شکایت کا کم و بیش رہتا ہے ـ فرمایا جی ہاں ! بحمداللہ میں ان باتوں کا خیال رکھتا ہوں عرض کیا کہ حضرت سنتے ہی نہیں نیز حضرت کے اصول اور قواعد اس قسم کے ہیں کہ اس کے خلاف کی کوئی ہمت نہیں کر سکتا اگر ضوابط میں ذرا ڈھیل دی جاتی یہاں پر بھی سلسلہ جاری ہو جاتا فرمایا کہ ڈھیل کے متعلق سنیے ـ حاجی عبدالرحیم بھائی مرحوم کے ملازم تھے ان کے متعلق میرے بڑے گھر میں سے ایک معاملہ میں مجھ سے شکایت کی ـ میں نے فورا آدمی بھیج کر حاجی جی کو بلایا اور دروازہ میں کھڑا کر کے کہا کہ تمہارے متعلق یہ ورایت بیان کرتی ہیں اور تم نے دعوی کیا ہے لہٰذا ثبوت دو ثبوت تمہارے ذمہ ہے ثبوت ندارد ـ کہنے لگیں کہ توبہ تم تو ذرا سی دیر میں آدمی کو فضیحت کر دیتے ہو ـ میں نے کہا کہ میں فضیحت نہیں کرتا نصیحت کرتا ہوں یہ سلسلہ روایات