ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
ہو جاتے ہیں فرمایا کہ حقیقت اس کی یہ ہے کہ کوئی وارد ایسا قوی ہوتا ہے جس سے عقل مسلوب ہو جاتی ہے اور یہ سب مجاہدہ ہی کی برکت ہے کہ یہ درجہ نصیب ہو جاتا ہے پہلے سے کسی کو خبر بھی نہیں ہوتی کہ یہ کرتے کیا تھے اسی وارد سے پیالہ جھلک گیا تب سب نے دیکھ لیا یہ حقیقت ہے مجذوبیت کی اور یہی مجذوب ہیں جن کے سپرد کار خانہ تکوینیہ ہے اور اس کے انتظام کے ذمہ دار ہیں ـ باقی جو اہل ارشاد ہیں وہ نائب رسول ہیں وارثان پیغمبر ہیں ـ ان کی شان کہیں ارفع و اعلی ہے ـ اصل چیز اللہ رسول کی اطاعت ہے باقی کشف و کرامات وغیرہ یہ چیزیں کوئی کمال نہیں ایسے عجائب اہل باطل سے بھی صادر ہو جاتے ہیں ـ چنانچہ امریکہ یا جرمن میں ایک شخص کی بیوی کا انتقال ہوا وہ اس کو بہت چاہتا تھا اس لئے اس کو خیال ہوا کہ دفن سے پہلے اس کا فوٹو لے لیا جائے تاکہ دل بہلانے کا مشغلہ باقی رہے اس نے فوٹو لیا بجائے ایک فوٹو کے پانچ فوٹو آ گئے ایک تو اس کی بیوی کا تھا اور چار اور تھے پھر ان چار میں دو کو تو پہچانا وہ بھی مردہ تھے اور دو کو نہیں پہچانا ـ انہوں نے اس سے یہ تحقیق کی ہے کہ اور روحیں رہاں موجود تھیں ان کا فوٹو آ گیا ہے مگر نہایت عجیب بات ہے کہ غیر مرئی کا فوٹو آ کیسے گیا ـ دیکھئے ! یہ چیزیں اہل باطل بھی کر لیتے ہیں اس لئے اہل حق نے کہا ہے کہ اطاعت اللہ و رسول کی ہی اصل چیز ہے ـ 10 رمضان المبارک 1350ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم سہ شنبہ ملفوظ 242: حضرتؒ کی زندگی میں حضرتؒ کی کتابوں کا پھیل جانا ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ ایک شخص نے غیر جوابی خط لکھا تھا اس میں لکھا تھا کہ خدا کا خوف کرو ـ اس قدر دین فروش مت نبو اتنا تو روپیہ کمایا کتابیں چھاپ چھاپ کر ـ او پھر بھی قناعت نہیں وہ یہی سمجھ رہا ہے کہ کتابوں کی آمدنی اس کو ملتی ہے ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت ! یہ بہت دن کی بات ہے یا ابھی کی فرمایا بہت دن کی ہے اور اگر ابھی کی ہوتی تب بھی کون سا گناہ کا کام تھا ـ