ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
ملفوظ 417: مسان کے تعویذ کیلئے عامل کا پتہ بتلانا ایک صاحب نے حضرت والا کی خدمت میں پرچہ پیش کیا حضرت والا نے ملاحظہ فرما کر فرمایا کہ مسان کا تعویذ مجھے نہیں آتا اگر کہو تو ایک اور مولوی صاحب ہیں جو مسان کا تعویذ جانتے ہیں ان کا پتہ لکھ دوں بذریعہ خط ان سے منگا لینا ـ عرض کیا کہ حضرت پتہ لکھ دیں حضرت والا نے پتہ لکھ دیا ـ اسی سلسلہ میں فرمایا کہ یہ کام عاملوں کا ہے مجھے ان چیزوں سے مناسبت نہیں اور تعویذ سے تو میں گھبراتا ہوں ویسے کوئی آ جاتا ہے لکھ دیتا ہوں مگر اس باب میں عوام کو بڑا غلو ہو گیا ہے اور یہ عاملوں کی بدولت کہاں تک کسی کی اصلاح کی جائے اور کس کس چیز کی اصلاح کی جائے اونٹ رے اونٹ تیری کونسی کل سیدھی کروں سر سے پیر تک ایک سے ہو گئے وظائف و عملیات کی یہ ہی حالت ہے اس سے تو لوگوں کے عقائد تک خراب ہو گئے اثر نہ ہونے پر سمجھتے ہیں کہ اللہ کے کلام میں بھی اثر نہیں اور ان باتوں پر اگر روک ٹوک کی جائے تو بدنام کرتے ہیں مگر کریں بدنام حق کو کیسے مخفی رکھا جا سکتا ہے ـ ملفوظ 418: ہندوؤں کی خبائث اور مسلم لیڈروں کی حماقت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ کشمیر کے مسلمانوں کو تو خود ہندوؤں نے مشتعل کیا ہے وہ بیچارے تو امن وامان سے بیٹھے تھے اب انصاف ملاحظہ ہو کہ تمام ہندو اخبارات مسلمانوں ہی کے سر الزامات تھوپ رہے ہیں مسلمانوں کا سوائے خدا کی ذات کے اور کوئی حامی اور مدد گار نہیں اور ان کو اور کسی کی ضرورت بھی نہیں ـ میں سچ عرض کرتا ہوں کہ اگر مسلمانوں میں نظم ہو اور دین ہو تو تمام دنیا کی غیر مسلم اقوام اس ضعف کی حالت میں بھی انکا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتیں لیکن مسلمان ویسے تو بہت کچھ گڑ بڑ کرتے ہیں مگر جو اصل تدبیر ہے اور کام کی تدبیر ہے جس سے پہلوں کو کامیابی میسر ہو چکی ہے وہ نہیں کرتے وہ تدبیر یہ ہے کہ اپنے خدا کر راضی کرنے کی فکر کریں اب تو بڑی تدابیر ان کی مشرکوں کی تعلیم پر عمل کرنا ہے ان کو لوگ عاقل سمجھتے ہیں بھلا ایسا شخص کیا عاقل ہوگا