ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
نوٹ 1 : پہلے افاضات یومیہ کے سات حصے تھے جو کسی مصلحت کی بنا پر نہ ہوئے تھے بلکہ بعض مجبوریوں کی وجہ سے ہو گئے تھے اسی لئے ان کی ضخامت میں بہت فرق تھا چونکہ یہ حصوں کی تقسیم حضرت کی تجویز کردہ نہ تھی میری ہی کی ہوئی تھی اس لئے اب میں نے اس کل مجموعے کے د س حصے کرکے سب کی یکساں ضخامت کردی ہے تاکہ ناظرین کو مطالعہ میں سہولت ہو ـ شبیر علی نوٹ 2: اس مرتبہ فارسی اشعار اور عربی عبارت کا جو ترجمہ کیا گیا ہے وہ لفظی ترجمہ نہیں ہے بلکہ حاصل ترجمہ ہے اور آیات قرآنیہ کا ترجمہ تفسیر بیان القرآن سے نقل کیا گیا ہے ـ 27 شعبان المعظم 1350ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم پنجشنبہ ملفوظ 1: صبح کی مجلس خاص کا اجراء بسم اللہ الرحمن الرحیم فرمایا ! کہ صبح کو مجلس عام کی وجہ سے بے حد تعب ہوتا ہے جس کی برداشت نہیں ـ (اس کے قبل صبح کو بھی مجلس عام ہوتی تھی ) اس لئے آج یہ سوچا ہے کہ بجائے مجلس عام کے صبح کو مجلس خاص کردی جائے اور صورت اس کی یہ ذہن میں آئی ہے کہ جو لوگ خاص خاص ہیں جن میں اکثر اہل علم ہیں وہ اگر آکر بیٹھا کریں تو اس سے مجھ پر کوئی تعب نہ ہوگا اس کی دو وجہ ہیں ایک تو یہ کہ مجمع کم ہوگا ـ جب جی چاہے گا مجلس کو ختم کر دیا جائیگا ـ مجمع زائد نہ ہونے کی وجہ سے ختم کر دینے میں کوئی گرانی بھی نہ ہو گی ـ دوسرے یہ کہ جب مجلس عام نہ ہوگی تو جس روز طبیعت صاف نہ ہوگی یا جی نہ چاہے گا بالکل ہی موقوف رکھی جائے گی اور اس کی اطلاع اس روز کردی جایا کرے گی اور کبھی کبھی عام بھی کردی جایا کرے گی جب کہ طبیعت اچھی ہو آج کل طبیعت بھی خاص نہیں کھانسی کی وجہ سے تکلیف ہے اب ضرورت اس کی ہے کہ اس کا کوئی معیار ایا اصطلاح ہونی چاہیے جس سے یہ معلوم ہوکہ اس وقت مجلس عام ہے یا مجلس خاص ـ اس کی صورت یہ سمجھ میں آئی ہے ( اور احقر صغیر احمد کی طرف حضرت والا نے مخاطب ہو کر فرمایا ) کہ ان حضرات کے نام کی ایک فہرست بنالی جائے جو مجلس خاص میں شرکت کیا کریں گے ان کے نام میں بتا دوں گا جب میں کہوں ان کو اطلاع کردی جائے اور مجلس عام کی اطلاع حافظ اعجاز کے ذریعہ سے ہوا کرے گی جس کی صورت