ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
کر کے پاس رکھنا اور گاہ گاہ مطالعہ کر لینا انشاء اللہ ایک بڑی حد تک کافی ہو گا ـ نمبر 4: دو تین روز سے تقریبا ہر وقت یہ حالت رہتی ہے کہ قلب جیسے غمگین وحزین ہو بلکہ جیسے کسی غم میں برداشت کرنے کے بعد حالت ہوتی ہے زیادہ توضیح سے اس کو بیان نہیں کر سکتا البتہ عجب تاثر کی سی کیفیت ہے مجھ کو یہ بھی امتیاز نہیں کہ یہ تکلیف دہ ہے یا لذت بخش ـ یہ حالت کسی وقت زائد ہوتی ہے کسی وقت کم ـ کچھ یہ بھی سمجھ میں آتا ہے کہ شاید یہ حالت جزوی واقعات سے ہو جیسے لڑکے کا بیمار ہو جانا وغیرہ واللہ اعلم بالصواب ـ ( جواب ) میں فرمایا اس باب کی تشخیص وہاں ضروری ہے جہاں مضرت ہوتا کہ سبب کو مرتفع کیا جائے اور اس سے کوئی مضرت نہیں اس لئے تشخیص اسباب بھی ضروری نہیں ایسے حالات سب کو پیش آتے ہیں اور خود بخود مضمحل ہو جاتے ہیں بالکل بے فکر رہئے ـ ملفوظ 275: ایک نظر میں کامیابی کی توقع فرمایا ! کہ اس طریق میں اصل شے طلب ہے بقدر طلب جو مناسب ہو گا ملے گا اور جہاں ایک نظر میں کامیابی ہوئی ہے وہاں بھی مجاہدہ کی بدولت ہوئی ہے بہت سے مجاہدات اس نظر سے مقدم رہے ہیں یہ مسئلہ بلکہ تمام فن تصوف بہت صاف ہے جہلاء نے غلط قواعد مشہور کئے ہیں جن کی کوئی اصل نہیں چنانچہ ایک نظر میں کامیابی کی توقع میں بیٹھے رہتے ہیں ـ ملفوظ 276: حضرت کی تسلی کا اثر ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ اتفاقا ایک صاحب کے خط کے جواب میں جن پر جوجداری کا مقدمہ تھا محض توکل پر میرے قلم سے نکل گیا کہ انشاء اللہ کچھ نہ ہوگا وہ اتفاقا اس مقدمہ سے بری ہو گئے وہ سمجھے کہ مجھ کو پتہ چل گیا تھا حالانکہ مجھ کو علم بھی نہ تھا ـ می پر انند اسی کو کہتے ہیں ـ ملفوظ 277: احیا ء العلوم کے باب الخوف کا مطالعہ نہ کریں فرمایا ! کہ میں اپنے احباب کو مشورہ دیتا ہوں کہ کتاب احیاء العلوم کے باب الخوف کا نہ دیکھیں امام پر ہیبت غالب ہے اس لئے عنوانات سخت ہیں جن کا تحمل نہیں ہوتا مثلا لکھا ہے کہ حق تعالی کا ارشاد ہوا ہے اے داؤد مجھ سے ایسے ڈرو جیسے کہ درندہ سے ڈرتے ہیں اس پر امام علیہ