بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
راقم الحروف نے قادیانیت کے عنوان پر چند تقریریں پچھلے دنوں چنیوٹ، ملتان اور گوجرانوالہ میں کیں۔ ان کا وہ حصہ جو قادیانیوں سے متعلق ہے۔ آئندہ صفحات میں پیش کیا جارہا ہے اور یہ ایک طویل سلسلے کی پہلی کڑی ہے جس کا مقصد اس فرض کی ادائیگی ہے جو بحیثیت مسلمان ہم پر عائد ہوتا ہے اور وہ یہ کہ قادیانی حضرات نے مرزاغلام احمد قادیانی کو نبی اﷲ مسیح موعود اور مہدی مان کر جو غلط فیصلہ کیا ہے۔ ان کی غلطی ان پر کسی جوش اور اشتعال کے بغیر واضح کی جائے اور اس غلطی کو ان دلائل سے ثابت کیا جائے جو کسی صورت رد نہ کئے جاسکیں۔ الاّ کہ کسی شخص کا دل خوف خدا سے یکسر خالی اور اپنی نجات کی اہمیت سے محروم ہوچکا ہو۔
اﷲ رب العزت ان کج مج الفاظ کو قبول فرمائیں اور وہ تاثیر ڈالیں جو قلوب کو حق کی جانب متوجہ کرنے کا ذریعہ بنے۔ ’’اللہم ارنا الحق حقا وارزقنا اتباعہ وارنا الباطل باطلاً وارزقنا اجتنابہ۰ آمین یا الہٰ الحق آمین‘‘
عبدالرحیم اشرف
۱۳؍رمضان المبارک ۱۳۸۶ھ
طبع ثانی کے وقت
’’اللہم اہدنا فیمن ہدیت‘‘
ان تمام حضرات کے نام، ایک پیغام، جو اپنی نجات کی خاطر مرزاغلام احمد قادیانی سے وابستہ ہیں۔ نجات کا واحد ذریعہ اس سچائی پر ایمان ہے جو اﷲ ذوالجال کی کتاب اور ان کے آخری رسول، سید الاوّلین والآخرین محمد مصطفیٰﷺ کی جانب سے پورے عالم انسانی کی نجات کے لئے لازمی شرط قرار دیا گیا۔ یہ وسیلہ نجات، اپنے زعم وآرزو کے مطابق نہیں۔ اس معیار پر پورا اترنا ضروری ہے جو کتاب اﷲ اور احادیث رسول اﷲﷺ میں بصراحت بیان کر دیا گیا۔
اس پیغام میں جو آج سے چند برس قبل، آپ حضرات کے نام قول وتحریر دونوں صورتوں میں پیش کیاگیا۔ پھر سے ایک مربوط سلسلہ کی کڑی کی حیثیت سے پیش خدمت ہے۔ اپنی ذات کو عذاب الٰہی سے بچانے اور رحمت الٰہیہ کے حاصل کرنے کے جذبہ سے اس پر غور فرمائیے۔
عبدالرحیم اشرف
۲۶؍ذیقعدہ ۱۳۹۳ھ، بمطابق۲۲؍دسمبر ۱۹۷۳ء