بسم اﷲ الرحمن الرحیم!پیش لفظ
الحافظ بشیر احمد مصری
۱۹۱۴ء میں ہندوستان کے قصبہ قادیان میں پیدا ہوئے۔ جہاں انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے عربی میں بی۔اے آنرز میں ڈگری لی۔ آپ جامعہ الازہر کے شعبہ عربی کے بھی فارغ التحصیل ہیں اور لندن سے صحافت (Journalism) میں بھی سند یافتہ تھے۔ آپ کی زندگی کے بیس برس مشرقی افریقہ میں بسر ہوئے۔ جہاں وہ ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر کے علاوہ بہت سی انجمنوں اور سماجی اداروں کے ذمہ دار عہدوں پر کام کرتے رہے۔ ۱۹۶۱ء میں آپ انگلینڈ منتقل ہوگئے۔ ۱۹۶۴ء سے ۱۹۶۸ء تک پانچ برس آپ ماہنامہ ’’اسلامک ریویو‘‘ کے ایڈیٹر رہے اور اس دوران آپ ووکنگ مسجد کی تاریخ میں پہلے سنی تھے جو امام مقرر ہوئے۔ اس دوران مناظر اسلام مولانا لال حسین اخترؒ کا وہاں بیان ہوا اور حافظ بشیر صاحب نے اعلانیہ قادیانیت سے تائب ہوکر اسلام قبول کرنے کا دوبارہ اعلان کیا۔
الحافظ مصری صاحب برطانیہ میں ایک امتیازی حیثیت رکھتے تھے۔ آپ کے خطاب ریڈیو اور ٹیلیویژن پر تقاریر ومکالمات اور مختلف جرائد میں مضامین نے اس ملک میں انہیں ایک ادیبانہ اور فاضلانہ مقام دے دیا۔ ان کی ایک کتاب انگریزی اور عربی میں ’’الرفق بالحیوانات فی الاسلام، The Islamic Concern For Animals‘‘ کے عنوان پر چھپی تھی۔ جس میں سو کے قریب آیات قرآنی اور پچاس کے قریب احادیث رسولؐ کے حوالہ جات سے اس موضوع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ کتاب ساری دنیا میں خصوصاً مغربی ممالک میں بہت مقبول ہوئی۔ اسی موضوع پر آپ کی دوسری کتاب جو بہت جامع ہے۔ ’’اسلام اور حیوانات‘‘ کے عنوان سے انگریزی میں زیر طبع ہے۔
امید ہے کہ قادیانیت پر اس مضمون میں الحافظ مصری صاحب نے اپنے ذاتی مشاہدات پر مبنی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ وہ سب مسلمانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔ خصوصاً ان سیدھے سادھے مسلمان نوجوانوں کے لئے ان کے بیانات سبق آموز ہوںگے۔ جو قادیانیت جیسے مذہبی دھوکہ بازوں کے دام فریب میں پھنس سکتے ہیں۔ (ناشر)