ملفوظات حکیم الامت جلد 5 - یونیکوڈ |
اور ملحد ہیں - محض ملاقات خلوص پر موقوف ہے ( ملفوظ 409 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اگر آنے والوں کو محض ملاقات مقصود ہو تو وہ موقوف ہے خلوص اور محبت پر یعنی جب آئے اس میں مقصود صرف ملاقات ہو نہ کوئی غرض دیناوی ہو نہ اخروی اصلاح وغیرہ تواضع کے حدود ( ملفوظ 410 ) ایک صاحب مجلس میں بہت ہی تواضع کی صورت بنائے بیٹھے تھے اتفاقا حضرت والا کی نظر ان پر پڑگئی دیکھ کر فرمایا کہ ایسی توا ضع جو حدود سے آگے بڑھی ہوئی ہو وہ محمود نہیں گو نیت آپ کی تصنع کی نہیں مگر بظاہر صورت ایسی ہے جس سے تکلیف معلوم ہوتا ہے اور ایسی ہئیت سے خود میرے قلب پر بار ہوتا ہےے کہ ایک شخص بندھا بیٹھا ہے کچھ حس وحرکت ہی نہیں کرتا ہر چیز کے حدود ہیں اصول ہیں مجلس کے آداب میں سے یہ بھی ہے کہ کسی میں کوئی امتیازی شان نہ ہونا چاہئے خصوص جس سے دوسروں پر بار ہو گرانی ہو یا اس حرکت کی وجہ سے اس طرف سب کی نظریں پڑیں اور توجہ ہو جائے سو اس اصل پر آپ کی نشست کی یہ ہئیت آداب مجلس کے خلاف ہے ہمیشہ ایسی باتوں کا خیال رکھنا چاہئے - راہ طریق میں نفع مناسبت پر موقوف ہے ( ملفوظ 411 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ فلاں مولوی صاحب کو لے آئے تھے مجھ سے کہا کہ ان کو بیعت کر لیجئے میں نے کہا کہ یہ گھر سے آپ سے بیعت ہونے کی نیت سے چلے تھے مناسب یہی ہے کہ آپ بیعت کرلیں اور اس کے علاوہ ایک وجہ اور بھی ہے وہ یہ کہ اس طریق میں نفع موقوف ہے مناسبت پر اور ان کو آپ سے مناسبت ہے مجھ سے نہیں وہ اس طرح کہ آپ خادم قوم ہیں یہ بھی خادم قوم اور میں نادم قوم ہوں میں نے کوئی قوم کی خدمت نہیں کی اس لئے آپ ہی کی بیعت کرنا مناسب ہے -