تقریظ … جناب مولانا محمد تقی عثمانی جسٹس سپریم کورٹ
الحمد ﷲ وکفیٰ، وسلام علیٰ عبادہ الذین اصفطفیٰ۰ اما بعد!
جناب مولانا عبدالرحیم منہاج صاحب نے زیرنظر کتابچے میں قادیانیوں، بالخصوص مرزاغلام احمد قادیانی کے بیٹے اور ان کے دوسرے جانشین مرزابشیر الدین محمود کی تحریف قرآن کے نمونے جمع فرمائے ہیں۔ قادیانیت اس لحاظ سے دنیا کا پرفریب ترین مذہب ہے کہ وہ اپنے آپ کو اسلام کے نام سے دنیا میں متعارف کراتا ہے۔ لیکن چونکہ قرآن وسنت میں اس کے عقائد وافکار کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس لئے وہ اپنی مقصد براری کے لئے قرآنی آیات میں معنوی تحریف کا راستہ اختیار کرتا ہے۔
مولانا عبدالرحیم منہاج نے زیرنظر کتابچے میں واضح مثالوں سے سمجھایا ہے کہ یہ لوگ کس دیدہ دلیری اور ڈھٹائی کے ساتھ قرآن کریم میں معنوی تحریف کا ارتکاب کرتے ہیں اور ساتھ ہی یہ ثابت کیا ہے کہ اس معاملے میں ان کا طرز عمل نہ صرف یہ کہ یہودی اور عیسائی تحریفات کے مشابہ ہے۔ بلکہ انہوں نے اپنی ان تحریفات کے ذریعہ عیسائیوں کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں اور اپنی دور از کارتاویلوں اور تحریفات سے انہیں وہ مواد فراہم کیا ہے جو وہ سالہا سال کی کوششوں کے باوجود حاصل نہیں کر سکے تھے۔
فاضل مؤلف کی یہ کاوش ایک طالب حق کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ البتہ جس دل پر ضد، عناد اور ہٹ دھرمی کی مہر لگ چکی ہو۔ اس کے لئے روشن سے روشن دلیل بھی کارآمد نہیں ہوسکتی۔ میری دلی دعا ہے کہ اﷲتعالیٰ موصوف کی اس تالیف کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطاء فرمائیں اور اسے لوگوں کے لئے ہدایت کا ذریعہ بنائیں۔ آمین!