تلبینہ میں ہر بیماری کی شفاء ہے ۔في التَّلْبِينَةِ شِفَاء مِّنْ كُلِّ دَاء.(کنز العمّال: 28246)(سبل الہدیٰ و الرشاد :12/218)
گوشت :
گوشت کے فضائل:
نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے کہ گوشت ایک بہترین سالن ہے ، بلکہ یہ تمام سالنوں کا سردار ہے ۔ خَيْرُ الْإِدَامِ اللَّحْمُ، وَهُوَ سَيِّدُ الْإِدَامِ.(شعب الایمان : 5508)
دنیا و آخرت کے سالنوں میں تمام سالنوں کا سردار گوشت ہے ، تمام مشروبات کا سردار پانی ہے اور تمام خوشبوؤں کا سردارحناء ہے ۔سَيِّدُ الْإِدَامِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ: اللَّحْمُ، وَسَيِّدُ الشَّرَابِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ: الْمَاءُ، وَسَيِّدُ الرَّيَاحِينِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ: الْفَاغِيَةُ، يَعْنِي الْحِنَّاءَ.(شعب الایمان : 5510)
نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے :اہلِ دنیا اور اہلِ جنت کے کھانوں کا سردار گوشت ہے ۔سَيِّدُ طَعَامِ أَهْلِ الدُّنْيَا، وَأَهْلِ الْجَنَّةِ اللَّحْمُ.(ابن ماجہ : 3305)
حضرت ابو درداءفرماتے ہیں کہ نبی کریمﷺکو جب بھی گوشت کی دعوت میں بلایا جاتا آپ اُسے قبول کرتے اور جب بھی گوشت ہدیہ میں پیش کیا جاتا تو آپﷺاُسے قبول فرماتے ۔مَا دُعِيَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، إِلَى لَحْمٍ قَطُّ، إِلَّا أَجَابَ، وَلَا أُهْدِيَ لَهُ لَحْمٌ قَطُّ، إِلَّا قِبَلَهُ.(ابن ماجہ : 3306)
گوشت کا شوربہ بھی گوشت ہی ہے ، کیونکہ اُس میں گوشت کا ذائقہ اور غذائیت اترجاتی ہے ، چنانچہ حدیث میں ہے کہ جب تم میں سے کوئی گوشت خریدے تو اُس کے شوربہ کو بڑھالے ، کیونکہ اگر کسی کو گوشت نہ بھی ملے تو کم ازکم اُس کا شوربہ ہی مل جائے گا اور یہ بھی ایک گوشت ہی ہے ۔إِذَا اشْتَرَى أَحَدُكُمْ لَحْمًا فَلْيُكْثِرْ مَرَقَتَهُ، فَإِنْ لَمْ يَجِدْ لَحْمًا أَصَابَ مَرَقَةً، وَهُوَ أَحَدُ اللَّحْمَيْنِ.(ترمذی: 1832)