الحناء/ مہندی کے ذریعہ علاج کرنا:
مہندی کے فوائد:
مہندی درد کو دور کرتی ہے ، ورم کو تحلیل کرتی ہے ،مُدِّر بول یعنی پیشاب آور ہے، خون کو صاف کرتی ہے ۔اِس کو پانی میں پیس کرہاتھوں اور پاؤں کی سوزش کو دور کرنے کے لئے ہتھیلی اور تلووں میں لگایا جاتا ہے،اِس کے علاوہ بھی مختلف بیماریوں میں علاج کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔(مَخزنِ مفردات)
مہندی کے ذریعہ علاج کا شرعی حکم :
مہندی کے ذریعہ علاج کرنا مردو عورت دونوں کے لئے جائز ہے ، نبی کریمﷺسے خود بھی اور دوسروں کو بھی اِس کے ذریعہ علاج کی تعلیم دینا ثابت ہے ، البتہ مردوں کو مہندی کے ذریعہ علاج کرتے ہوئے اِس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے وہ عورتوں کے ساتھ مشابہت سے کلی طور پر اجتناب کریں ، پس اپنے ہاتھوں کی ہتھیلیوں اور ناخنوں پر نہ لگائیں ، صرف پاؤں کے تلووں پر لگاسکتے ہیں، تاکہ عورتوں کے ساتھ مشابہت لازم نہ آئے ۔وَالْحَدِيثُ بِإِطْلَاقِهِ يَشْمَلُ الرِّجَالَ وَالنِّسَاءَ، لَكِنْ يَنْبَغِي لِلرَّجُلِ أَنْ يَكْتَفِيَ بِاخْتِضَابِ كُفُوفِ الرِّجْلِ،وَيَجْتَنِبَ صَبْغَ الْأَظْفَارِ احْتَرِازًا مِنَ التَّشَبُّهِ بِالنِّسَاءِ مَا أَمْكَنَ.(مرقاۃ:7/2874)
مہندی کے ذریعہ علاج پر مشمل روایات:
نبی کریمﷺکے پاس جب بھی کوئی سر کی تکلیف بیان کرتا تو آپ اُس کو یہی مشورہ دیتے کہ پچھنے لگواؤ اور جب کوئی پاؤں میں تکلیف کا ذکر کرتا تو آپﷺاُسے یہ ارشاد فرماتے کہ پاؤں کو مہندی سے رنگ دو ۔مَا كَانَ أَحَدٌ يَشْتَكِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: وَجَعًا فِي رَأْسِهِ إِلَّا قَالَ: احْتَجِمْ، وَلَا وَجَعًا فِي رِجْلَيْهِ، إِلَّا قَالَ اخْضِبْهُمَا.(ابوداؤد:3858)وفی رواية مسند احمد: اخْضِبْهُمَا بِالْحِنَّاءِ .(مسند احمد :27617)